فیس بک پاکستان میں کورونا کی غلط معلومات کی حوصلہ شکنی کیسے کررہا ہے؟


فیس بک نے حال ہی میں جعلی خبروں اور غلط معلومات کے خلاف مہم کے لیے ایک نئے ٹول کو پیش کیا تھا، جس کے تحت کوئی صارف اس وائرس یا اس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے حوالے سے کسی غلط معلومات یا جعلی خبر کو لائیک یا کمنٹ کرے گا تو اسے خبردار کیا جائے گا۔

لیکن ساتھ ہی فیس بک نے پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق لوگوں تک درست معلومات کو پہنچانے کے حوالے سے بھی متعدد اقدامات کیے ہیں اور ایسے اقدامات میں فیس بک کا عالمی ادارہ صحت سمیت پاکستان کے قومی ادارہ صحت سے تعاون بھی شامل ہے۔

فیس بک کی جانب سے فیس بک اور انسٹاگرام پر کسی بھی شخص کو اس وائرس سے متعلق معلومات تلاش کرنے پر سرچ کے اولین نتائج میں عالمی ادارہ صحت سمیت پاکستان کے قومی صحت کے ادارے اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والی نمایاں تنظیموں کی تفصیلات سب سے پہلے دکھانے کے فیچرز کو بھی متعارف کرا رکھا ہے۔

یعنی پاکستان میں فیس بک کے صارف کی جانب سے جب بھی کورونا سے متعلق کوئی بھی چیز سرچ کی جائے گی تو فیس بک کا آرٹیفیشل سسٹم صارف کو سب سے پہلے عالمی ادارہ صحت پھر پاکستان کے قومی ادارہ صحت اور پھر پاکستان یا عالمی سطح پر کام کرنے والی صحت سے متعلق کسی تنظیم یا ادارے کی معلومات فراہم کرے گا۔

فیس بک نے ان فیچرز کے لیے پاکستان کے وزارت قومی صحت، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف جیسے عالمی اداروں کے ساتھ کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات کی فراہمی کے لیے مل کر کام کا آغاز کر رکھا ہے۔

اسی طرح فیس بک نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں عارضی طور پر اشتہارات اور کامرس کی ایسی لسٹنگ پر پابندی عائد کردی ہے جن میں طبی سامان کو فروخت کیا جاتا ہے۔

یعنی فیس بک نے سینیٹائیزر اور فیس ماسک سمیت طبی سامان فروخت کرنے والے غیر مستند اداروں کے اشتہارات پر بھی پابندی عائد کردی ہے اور ساتھ ہی وہ صحت سے متعلق حکومتی اداروں کے پیغامات کو عام کرنے میں بھی حکومتوں کا ساتھ دے رہی ہے۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق وہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق ہر طرح کی غلط معلومات پھیلانے کو روکنے کے لیے پر عزم ہے اور وہ صحت سے متعلق مقامی و عالمی اداروں کے ساتھ مل کر معاشرے کو صحت مند بنانے پر کام کر رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں