فیس بک نے بھارتی کمپنی جیو ریلائنس کے 10فیصد تک شیئرز خرید لیے


دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے بھارت کی سب سے بڑی میڈیا و ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی جیو ریلائنس میں 5 ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 10 کھرب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

فیس بک نے جیو ریلائنس سمیت دنیا بھر کی دیگر آن لائن، ٹیکنالوجی و کمیونی کیشن کمپنیز میں بھی سرمایہ کاری رکھی ہے جب کہ فیس بک نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسی ایپس کو بھی خریدا تھا۔

اور اب اس نے آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت کی سب سے تیزی سے آگے بڑھنے والی میڈیا و ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی جیو ریلائنس میں سرمایہ کاری کی ہے۔

جیو ریلائنس بھارت کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ہے اور مذکورہ کمپنی میڈیا، ٹیلی کمیونی کیشن، ای کامرس و موبائل مینیو فیکچرنگ سمیت متعدد انڈسٹریز کی مالک کمپنی ہے۔

اسی کمپنی کے تحت ریلائنس انڈسٹریز، ریلائنس فاؤنڈیشن، نیٹ ورک 18 میڈیا انویسٹمنٹ، جیو فائبر، ایل وائے ایف اسمارٹ فونز، جیو فون،جیو مارٹ، جیو نیٹ وائی فائی، جیو ایپس، جیو پیمنٹ بینک اور جیو ساون سمیت کئی کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔

مکیش امبانی نے مذکورہ کمپنی کی 2016 میں شروعات کی تھی اور محض 4 سال کے عرصے کے دوران جیو ریلائنس نے بھارت کے 40 کروڑ افراد کو آن لائن کردیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ 2022 تک بھارت کے 90 کروڑ افراد آن لائن ہوجائیں گے۔

بھارت میں جہاں 40 کروٖڑ افراد جیو ریلائنس کے بدولت آن لائن ہوئے ہیں، وہیں 20 سے کروڑ تک افراد دوسرے ذرائع سے بھی آن لائن ہیں اور وہاں ہر آنے والے دن ٹیکنالوجی و کمیونی کیشن کی بہتری کے باعث آن لائن ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

زیادہ سے زیادہ لوگوں کے آن لائن ہونے کے باعث بھارت کو ابھرتی ہوئی آن لائن معیشت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس لیے فیس بک نے وہاں کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کمپنی میں سرمایہ کاری کرکے اپنے کاروبار کو وسعت دی ہے۔

خبر رسان ادارے رائٹرز کے مطابق فیس بک آرگنائزیشن نے ریلائنس انشورنس میں 5 ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کھرب روپے کی سرمایہ کاری کردی۔

سرمایہ کاری کرنے سے فیس بک نے بھارتی کمپنی کے تقریبا 10 فیصد شیئرز خرید لیے۔

رائٹرز کے مطابق فیس بک زیادہ تر ریلائنس انشورنس کے آن لائن اسٹور جیومارٹ اور جیو پیمنٹ جیسے شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس کا فوکس وہی شعبے ہوں گے۔

فیس بک نے بھارتی کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری کا معاہدے ایک ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب کہ حال ہی میں فیس بک کو بھارت میں آن لائن پیمنٹ کی اجازت دی گئی تھی۔

بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد فیس بک نے ریلائنس انشورنس سے معاہدہ کیا، بھارت میں واٹس ایپ کے 40 کروڑ صارفین موجود ہیں اور وہ بھارت کی سب سے بڑی میسیجنگ ایپلی کیشن بھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں