سوشل میڈیا کے معروف پلیٹ فارم ‘فیس بک’ کے صارفین کی جانب سے یہ شکایت سامنے آئی کہ ہوم پیج پر دوستوں کے بجائے زیادہ تر شوبز شخصیات کی پوسٹ دکھ رہی ہیں، تاہم چند گھنٹوں بعد یہ خرابی دور ہوگئی۔
سماجی رابطوں کو ویب سائٹس کی بندش کا پتا لگانے والی ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ نامی ویب سائٹ نے صارفین کی شکایتوں کی رپورٹ جاری کی، جس کے مطابق 20 فیصد صارفین نے فیس بک، 73 فیصد صارفین نے ہوم پیج اور صرف 7 فیصد صارفین نے عام ویب سائٹ کے حوالے سے شکایات درج کرائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر صارفین کی شکایات سے لگتا ہے کہ سب ایک ہی مسئلے سے دوچار ہوئے، فیس بک کا ہوم بیچ دوستوں کی پوسٹ کے بجائے مشہور شخصیات کی تصاویر دکھاتا رہا۔
صارفین نے ٹوئٹر پر پر کہا کہ یہ شاید سائبر حملہ ہوسکتا ہے۔
ایک صارف نے پوچھا کہ ‘کیا فیس بک ڈاؤن ہوگیا ہے؟ میرے ہوم پیج پر صرف شوبز شخصیات کی تصاویر اور لوگوں کے تبصرے نظر آرہے ہیں!’
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ فیس بک کا ہوم پیج بہت عجیب معلوم ہو رہا ہے۔
تاہم چند گھنٹوں بعد یہ خرابی دور ہوگئی لیکن فیس بک کی پیرنٹ کمپنی ‘میٹا’ کی جانب سے کسی بھی قسم کا بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ٹوئٹر کی رپورٹس کے مطابق اس مسئلے کا امریکا، برطانیہ، بھارت سمیت کئی ممالک کے صارفین نے سامنا کیا۔