کیا آپ کو معلوم ہے کہ انٹرنیٹ پر آپ جس ویب سائٹ پر جاتے ہیں، فیس بک کو اس کا علم ہوتا ہے؟
درحقیقت اگر آپ فیس بک کی جانب سے کچھ ماہ پہلے متعارف کرائے جانے والے ایک پرائیویسی فیچر آف فیس بک ایکٹیویٹی کو استعمال نہیں کررہے تو اب اس سے فائدہ اٹھانا شروع کردیں۔
یہ فیچر آپ کو ان ایپس اور ویب سائٹس کو دیکھنے اور ڈیٹا کنٹرول کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے جو فیس بک کے ساتھ صارف کی سرگرمیوں کو شیئر کرتی ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے ایپس اور ویب سائٹس کی ہسٹری کو صاف کیا جاسکتا ہے جن کے ڈیٹا کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ تھرڈ پارٹی ایپس سے شیئر کرتی ہے۔
اسی طرح مستقبل کے لیے آف فیس بک ایکٹیویٹی کو ٹرن آف کرنا ممکن ہے جو فیس بک کو بتائے گا کہ وہ آپ کے اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی اور سے شیئر نہ کرے یا کمپنیوں کوو منتخب کرکے ان سے اپنے ڈیٹا کو محفوظ کرسکتے ہیں تاکہ ٹارگٹڈ اشتہارات سے بچ سکیں۔
یہ فیچر کیسے کام کرتا ہے؟
فیس بک بزنس ٹولز کو استعمال کرکے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایپس اور ویب سائٹس آپ سے متعلق کونسی معلومات دیکھ کر فیس بک کو بھیج سکتی ہیں۔
وہاں سے آپ اپنے اکاؤنٹ کی ان تفصیلاات کو صاف کرکے آف فیس بک ایکٹیویٹی کو ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز اینڈ پرائیویسی میں جاکر سیٹنگز اور وہاں یور فیس بک انفارمیشن اور پھر آف فیس بک ایکٹیویٹی میں جائیں۔
اس آپشن پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے ان تمام ویب سائٹ اور ایپس کی فہرست آجائے گی جو فیس بک اس وقت ٹریک کرتی ہے جب آپ فیس بک کو استعمال نہیں کررہے ہوتے۔
درحقیقت اس فہرست کو دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے کہ آخر فیس بک کو آپ کی آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں کس حد تک معلومات حاصل ہے۔
فیس بک کی اس فہرست میں یہ بھی درج ہے کہ آپ نے کسی ویب سائٹ پر کتنی بار اور کس کس وقت وزٹ کیا اور کسی نام پر کلک کرنے پر بتایا جائے گا کہ کمپنی کو اس کا علم کیسے ہوا اور وہ اس معلومات کے ساتھ کیا کرسکتی ہے۔
وہاں آپ آف فیس بک ایکٹیویٹی کو اپنی پسند کے مطابق سیٹ کرسکتے ہیں، پوری ہسٹری صاف اور اکاونٹ کی مستقبل میں کسی بھی قسم کی ایکٹیویٹی کو ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
اگر آپ اس ڈیٹا کو صاف کرنا چاہتے ہیں تو سب سے اوپر کلیئر ہسٹری کا بٹن موجود ہوگا جس پر کلک کرنے پر فیس بک کی جانب سے خبردار کیا جائے گا کہ ایسا کرنے پر آپ ان سروسز سے لاگ آﺅٹ ہوسکتے ہیں جن میں آپ فیس بک سے لاگ ان ہوتے ہیں۔
اور ہاں یہ ڈیٹا آپ کے اکاﺅنٹ سے نہ ہونے کے برابر ڈس کنکٹڈ ہوگا اور مکمل طور پر فیس بک سرورز سے ڈیلیٹ نہیں ہوگا، ایسا فیس بک نے گزشتہ سال اگست میں بتایا تھا۔
ٹرن آف کرنے پر کیا ہوتا ہے؟
جب آپ اس ٹول کے ذریعے ہسٹری صاف کردیتے ہیں تو فیس بک کی جانب سے آپ کی شناختی تفصیلات کو ان ایپس اور ویب سائٹس سے ہٹا دیا جاتا ہے جو ڈیٹا شیئر کرتی ہیں۔
ایسا ہونے پر فیس بک یہ جاننے سے قاصر ہوجاتی ہے کہ آپ کن ویب سائٹس پر وزٹ کررہے ہیں یا کیا دیکھ رہے ہیں، تو ان سائٹس پر ٹارگٹڈ اشتہارات نظر نہیں آتے۔
اس کے علاوہ آپ کیا کرسکتے ہیں؟
اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ فیس بک پر کونسے اشتہارات نظر آئیں یا نظر نہ آئیں تو فون یا ڈیسک ٹاپ پر سیٹنگز میں جاکر ایڈ پریفرینسز (Ad Preferences) پر جائیں۔
وہاں ایڈورٹائزرز اینڈ بزنسز کے سیکشن میں آپ ان کمپنیوں کو دیکھ سکتے ہیں جو فیس بک کے پاس آپ کی تفصیلات کے مطابق اشتہارات دکھا سکتی ہیں۔
وہاں کسی بھی کمپنی کو سلیکٹ کرکے ڈونٹ الاؤ کے آپشن کو منتخب کریں، اس طرح اس کمپنی کے اشتہارات کو آپ نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ ایڈ سیٹنگز میں جاکر بھی پارٹنرز کے ڈیٹا پر مبنی اشتہارات، فیس بک کمپنی پراڈکٹس ایکٹیویٹی پر مبنی اشتہارات کو ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
تاہم ایسا کرنے سے آپ کا ڈیٹا بدستور کمپنی کے پاس موجود رہتا ہے اور اتنے ہی اشتہارات نظر آئیں گے جتنے پہلے دیکھ رہے تھے۔
آف فیس بک ایکٹیویٹی ہی ایسا فیچر ہے جو ڈیٹا کو ڈیلیٹ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔