مقبول ماڈل و اداکار فیروز خان کی عروسی لباس میں دلہا بنی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کی دوسری شادی کی افواہیں ہیں۔
فیروز خان نے مارچ 2018 میں علیزے سلطان سے پہلی شادی کی تھی، جن کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
علیزے سلطان اور فیروز خان کی شادی محض 4 سال ہی چل سکی اور دونوں نے 2022 کے اختتام تک طلاق کی تصدیق کی تھی۔
علیزے سلطان اور فیروز خان کے دو بچے بھی ہیں، جن کی عمریں 5 سال سے کم ہیں اور طلاق کے بعد دونوں کے درمیان بچوں کی پرورش اور گھریلو تشدد کے معاملات پر قانونی جنگ جاری ہے اور ان کے کیسز تاحال زیر سماعت ہیں۔
تاہم اب فیروز خان کی عروسی لباس میں دلہا بنی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کی دوسری شادی کی افواہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں فیروز خان کو عروسی لباس میں دلہا کی طرح سجے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک ویڈیو میں وہ دلہن کے ہمراہ مہندی کی تقریبات میں شریک دکھائی دیتے ہیں۔
وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فیروز خان کو دلہن کے ساتھ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس میں دلہن نے روایتی سرخ لباس جب کہ اداکار نے سفید لباس پہن رکھا ہے اور وہ انتہائی خوش دکھائی دیتے ہیں۔
فیروز خان کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ذرائع سے بتایا گیا کہ اداکار نے دوسری شادی کرلی، تاہم خود اداکار یا ان کی بہنوں حمائمہ اور دعا ملک نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا کہ فیروز خان نے دعا نامی لڑکی سے دوسری شادی کرلی اور ان کی دلہن کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں۔