پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کو نیو ایئر پارٹی میں شریک ہونے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
فیروز خان نے کچھ روز قبل اپنی انسٹا اسٹوری پر مولانا طارق جمیل کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں مولانا صاحب روتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ ابھی سب لوگ نئے سال کا جشن منائیں گے، لڑکے لڑکیاں ناچیں گے، شراب پئیں گے اور اللّٰہ تعالیٰ کو ناراض کریں گے، ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔
اداکار نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ ’اس ویڈیو کو آگے پہنچا دو‘۔
فیروز خان نے مولانا طارق جمیل کا یہ بیان سننے اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرنے کے بعد بھی ایک نیو ایئر پارٹی میں شرکت کی جس پر اُنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ فیروز خان صرف دوسروں کو مولانا صاحب کی باتوں پر عمل کروانا چاہتے ہیں لیکن خود ان پر یا ان کی بہنوں پر یہ لاگو نہیں ہوتا۔
ایک صارف نے تو اداکار کے اس اقدام پر اُنہیں منافق قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ فیروز خان اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان طلاق ہونے کے بعد سے ہی عوام کی جانب سے تنقید کا شکار ہیں۔