گزشتہ برس گھریلو تشدد کے تنازعات میں گِھرے رہنے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے رواں سال کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی اداکارہ کے ہمراہ فیچر فلم کا اعلان کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے ایک تصویر اور ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں تامل اور ہندی فلموں کی جانی مانی بھارتی اداکارہ اور ماڈل گتھیکا تیواری کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ پوسٹ کے ساتھ اداکار نے کیپشن میں لکھا کہ آنے والی فیچر فلم میں میرے ساتھ پڑوسی ملک کی اداکارہ گتھیکا تیواری جلوہ گر ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس فیچر فلم کی ہدایت کاری ذوالفقار علی کر رہے ہیں جبکہ ڈی پی او اسد ممتاز ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بلال قریشی کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے بتایا کہ اس نئے پروجیکٹ کے ایگزٹیو پروڈیوسر ہیں۔
فیروز خان نے مذکورہ پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور مداحوں کو اپنے نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ کی جھلک بھی دکھائی۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان گزشتہ برس سابقہ اہلیہ پر گھریلو تشدد اور بچوں کی کسٹڈی کے باعث تنازعات کا شکار رہے جس کے سبب شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکاروں نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار بھی کیا۔
تاہم اداکار کے لیے رواں سال کا آغاز اچھا ثابت ہوا ہے، ان دنوں فیروز خان لندن میں اپنی نئی فلم ’لَک لگ گئی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ ان کے مداح ان دنوں انہیں جیو کے ڈرامہ سیریل خمار میں اداکارہ نیلم منیر کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں۔