معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے لیجنڈری میزبان، اداکار و سیاست دان طارق عزیز کی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے انسٹاگرام پر پاکستان کے تین لیجنڈز کی جوانی کی ایک یادگار تصویر شئیر کی۔
پوسٹ کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیجنڈری ٹی وی میزبان طارق عزیز، گلوکار تحسین جاوید اور پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار، گلوکار و پرڈیوسر ندیم بیگ ایک ساتھ موجود ہیں۔
تینوں لیجنڈرز نے تصویر میں ٹیسٹ کرکٹ کی کٹ پہنی ہوئی ہے۔
فہد مصطفیٰ کی جانب سے شئیر کی گئی اس تصویر پر صارفین نے بے حد پسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور کمنٹس میں طارق عزیز کی مغفرت کے لیے دعائیہ پیغامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب اور سیاست کا ایک نمایاں نام طارق عزیز دو روز قبل 84 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔
طارق عزیز فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ادیب، شاعر بھی تھے جبکہ وہ سابق رکن قومی اسمبلی بھی رہے ہیں، وہ پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔
طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے بروڈ کاسٹر بھی تھے۔