فواد خان اور صنم سعید ایک بار پھر ایک ساتھ

فواد خان اور صنم سعید ایک بار پھر ایک ساتھ


پاکستانی معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کی آن اسکرین جوڑی ایک بار پھر اپنا جادو چلانے کے لیے تیار ہے۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق فواد خان اور صنم سعید ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں لیکن اس بار یہ جوڑی ویب سیریز ’شندور‘ میں نظر آئے گی۔

مذکورہ بڑے بجٹ کی اس ویب سیریز کو شائقین بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم سونی لِیو پر دیکھ سکیں گے، جس کی شوٹنگ برطانیہ اور پاکستان کے مختلف مقامات پر کی جا رہی ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ اس ویب سیریز ’شندور‘ کی ہدایت کاری عاصم رضا نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے، جس میں فواد خان ایک چترالی شہزادے کے کردار میں دکھائی دیں گےجسے ’پولو‘ کھیلنے کا شوق ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختلف تصاویر میں نومبر 2022 میں شروع ہونے والی ویب سیریز کی شوٹنگ کے مختلف مناظر بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ویب سیریز کی پروڈکشن ٹیم کے مطابق پاکستان میں اس ویب سیریز کا بیشتر حصہ چترال کے علاقے ’شندور پاس‘ کے گرد و نواح میں شوٹ کیا گیا ہے۔

فواد خان اور صنم سعید ایک بار پھر ایک ساتھ

اس ویب سیریز میں سُپر ہٹ آن اسکرین فنکار جوڑی اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کے علاوہ اداکارہ حرا خان اور اداکار میکال ذوالفقار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں