پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین اداکار جوڑی فواد خان اور ماہرہ ایک بار پھر ساتھ نظر آئیں گے۔
ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ سے مقبول ہونے والی جوڑی کو مداح ٹی وی اسکرین کے ساتھ ساتھ سلور اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
اداکار جوڑی کی ایک ساتھ پہلی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ہے جس کی ریلیز کے حوالے سے فی الحال کوئی اطلاعات منظر عام پر نہیں آئیں جس پر مداح کافی مایوس ہوگئے ہیں۔
لیکن اب اداکار جوڑی مداحوں کی مایوسی اور بے چینی ختم کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ دونوں ایک ساتھ فلم میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
پاکستانی سنیما ویب سائٹ کے مطابق فواد اور ماہرہ کی آنے والی فلم کی عکس بندی کا آغاز 24 جنوری 2020 سے لاہور میں ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز ماہرہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر لکھا تھا ’پیک اپ آف دی ڈے‘ جس سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ فلم کی عکس بندی کا آغاز ہوگیا ہے۔
ماہرہ اور فواد کی آنے والی فلم کا نام ’نیلوفر‘ ہے جس میں اداکارہ ایک نابینا خاتون کا کردار ادا کریں گی۔
اس فلم کے ڈائریکٹر کا تعلق لاہور سے ہے اور یہ فلم ان کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ہوگی جب کہ فلم متوقع طور پر رواں سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلموں میں ’قائد اعظم زندہ باد‘ اور ’نیلوفر‘ شامل ہے جب کہ فواد خان بھی رواں سال دو فلموں میں نظر آئیں گے جس میں ’منی بیک گارنٹی‘ اور ’نیلوفر‘ شامل ہے۔
علاوہ ازیں اداکار جوڑی کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے لیے مداح کافی عرصے سے منتظر ہیں جب کہ فلم کی ریلیز کی کوئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔