کراچی:
فوادعالم کا منفرد اسٹانس موضوع بحث بن گیا،ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں صفر پر ایل بی ڈبلیو ہونے کی وجہ اسی کو قرار دیا جا رہا ہے، البتہ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے ان سے تبدیلی پرکوئی بات نہیں کی، منفرد انداز میں بیٹنگ کیلیے کھڑے ہونے والے ایک اور بیٹسمین چندرپال ماضی میں فواد کی حوصلہ افزائی کرچکے۔تفصیلات کے مطابق 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے فواد عالم ساؤتھمپٹن میں پہلی اننگز کے دوران کھاتہ بھی نہ کھول سکے تھے، دوران بیٹنگ کریز پر کھڑے ہونے کا ان کا منفرد انداز توجہ کا مرکز بنا رہا، وہ پوری وکٹیں چھوڑ کر لیگ اسٹمپ کے باہر چلے جاتے اور پھر بولر کے ہاتھ سے گیند نکلتے ہی سامنے آتے، بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اس میں ایل بی ڈبلیو ہونے کا امکان زیادہ ہے اور انگلش پیسر کرس ووکس کی گیند پر فواد کے اسی انداز میں آؤٹ ہونے سے اس تاثر کو تقویت ملی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہیڈکوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد کو اس انداز میں بیٹنگ کرتے دیکھ چکے لہذا انھیں اس پر کوئی حیرت نہیں ہوئی، البتہ دونوں نے تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے، فواد سے جب ایک ساتھی کھلاڑی نے اسٹانس کا پوچھا تو ان کا جواب تھا کہ وہ ہمیشہ سے اسی طرح کھیلتے تھے البتہ اب زیادہ باہر چلے جاتے ہیں جس کا احساس ہے، انھیں پتا ہی نہیں چلا مگر آہستہ آہستہ یہ ہوتے رہا،کراچی میں ان کے ایک قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ فواد اسی انداز میں کھیل کر ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بناتے رہے اور دوران بیٹنگ کافی اطمینان دہ محسوس کرتے ہیں،انھیں لگتا ہے کہ تبدیلی کھیل پر منفی اثر ڈالے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کچھ عرصے قبل فواد عالم نے اپنے اسٹانس کے حوالے سے سابق ویسٹ انڈین اسٹار شیونارائن چندرپال سے بھی بات کی جو خود منفرد انداز سے کھیلتے تھے،انھوں نے حوصلہ بڑھاتے ہوئے پاکستانی کرکٹر سے کہا تھا کہ اگر وہ خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں تو جیسا اسٹانس رکھنا ہو رکھیں، میں نے اپنے اسٹائل میں کھیل کر ہی ٹیم کیلیے بہت رنزبنائے تھے۔