پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 12 جون کو 71 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، جس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ اس وفاقی بجٹ پر ماہرین اور عوام نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
بجٹ21-2020 کو وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے پیش کیا جبکہ اس دوران اپوزیشن کی جماعتوں نے احتجاج بھی جاری رکھا۔
حکومت نے جہاں آئندہ مالی سال میں بجٹ میں دفاع، تعلیم اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں کے بجٹ میں اضافہ کیا وہیں حکومت نے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص فنڈز میں بھی تین گنا اضافہ کردیا۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی مالی مدد کے لیے فنڈز کو 25 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے تک کرنے کی تجویز دی ہے۔