اگر آپ فلیگ شپ فیچرز سے لیس فون لینا چاہتے ہیں مگر اس کے لیے زیادہ پیسے خرچ کرنا نہیں چاہتے تو ون پلس کا نیا اسمارٹ فون ضرور پسند آئے گا۔
ون پلس نورڈ 2 فائیو جی کو کمپنی کی جانب سے متعارف کرادیا گیا ہے جو گزشتہ سال کے اوریجنل نورڈ کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر فون ہے۔
درحقیقت اس کے لیے فلیگ شپ کلر کی اصطلاح بھی استعمال کی جاسکتی ہے جبکہ قیمت کسی مڈرینج فون جتنی ہے۔
نورڈ 2 میں 6.43 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔
ڈسپلے میں اوپری بائیں کونے میں پنچ ہول ڈیزائن میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہوا ہے، جبکہ گزشتہ سال نورڈ میں ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ تھا۔
مگر اس بار سنگل کی بجائے ڈوئل اسپیکرز فون میں دیئے گئے ہیں۔
ون پلس کی جانب سے ہمیشہ کوالکوم پراسیسر استعمال کیے جاتے ہیں مگر پہلی بار کمپنی نے میڈیا ٹیک کے ڈیمینسٹی 1200 اے آئی پراسیسر کو فون کا حصہ بنایا ہے۔
اس پراسیسر کے ساتھ فون کی فلیگ شپ پرفارمنس کے لیے 6، 8 یا 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی تک اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق نورڈ 2 فائیو جی میں 4500 ایم اے ایچ ڈوئل سیل بیٹری 65 واٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جو 2 دن تک استعمال کو یقینی بناتی ہے۔
اسی طرح صفر سے 100 فیصد تک بیٹری محض 30 منٹ میں چارج ہوجاتی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج آکسیجن او ایس 11.3 سے کیا گیا ہے۔
ون پلس کی جانب سے 2 سال تک اینڈرائیڈ اپ ڈیٹس اور 3 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جو کافی متاثر کن ہے۔
فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل سونی آئی ایم ایکس 766 سنسر سے لیس ہے اور کمپنی کے فلیگ شپ فون ون پلس 9 پرو میں بھی یہی کیمرا موجود ہے۔
اس میں امیج اسٹیبلائزیشن اور ڈیجیٹل اوور لیپ ایچ ڈی آر جیسے فیچرز موجود ہیں۔
اس سیٹ اپ میں 8 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل کا مونوکروم کروم کیمرا بھی شامل ہے۔
اس فون کو 28 جولائی سے مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 399 یورو (75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔