بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’زی فائیو‘پر ریلیز کے پہلے ہی دن ریکارڈ توڑ ویور شپ حاصل کرلی۔
سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ نے ’زی فائیو‘پر ایس ایس راجامولی کی فلم ’RRR‘ کو پیچھے چھوڑ دیا اور صرف 24 گھنٹوں میں اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بن گئی۔
اس کامیابی پر سلمان خان فلمز کے ایک ترجمان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان ‘کے ورلڈ ڈیجیٹل پریمیئر پر مداحوں کی جانب سے ملنے والی بے شمار محبت اور حوصلہ افزائی کو دیکھنا حیرت انگیز ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فلم کو پہلے دن مداحوں کی جانب سے ملنے والا ردعمل اداکار کے عالمی شہرت یافتہ ہونے کا ثبوت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ شہرت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی رہے گی۔
اس موقع پر فلم کے ہدایتکار فرہاد سمجھی نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کی جانب سے فلم کو ملنے والے ردِعمل پر خوش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سچائی کے ساتھ بیان کی گئی کہانی میں اپنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ زبان اور علاقے سے قطع نظر شائقین کو اکٹھا کرتی ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں فلم کی’زی فائیو گلوبل‘ پر ریکارڈ توڑ کامیابی پر خوشی ہے اور امید ہے کہ ناظرین فلم کے لیے اسی طرح آگے بھی اپنی محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔