بالی وڈ اداکار عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے بالی وڈ چھوڑنے کا اعلان سوشل میڈیا پر جاری طویل بیان کے ذریعے کیا۔
سوشل میڈیا پر اپنی طویل پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ فلمی کیریئر میں عزت اور شہرت ملی ہے لیکن اس کی وجہ سے مذہب سے دور ہورہی تھی۔
انہوں نے پیغام میں کہا کہ فلمی دنیا کی وجہ سے ان کی زندگی سے برکت ختم ہورہی تھی جس کے باعث وہ بالی وڈ سے دوری اختیار کررہی ہیں۔
یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنا فلمی کیریئر 2016 میں فلم ’دنگل‘ سے شروع کیا جس میں انہوں نے عامر خان کی بیٹی کا کردار کیا تھا اور ان کی جاندار اداکاری کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔
اس کے بعد اداکارہ نے ایک اور سپر ہٹ فلم ’سیکرٹ اسٹار‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ زائرہ وسیم کو ’دنگل‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا، اس کے علاوہ انہیں کئی فلمی ایوارڈ بھی ملے ہیں۔
دنگل گرل کے بالی وڈ چھوڑنے کے اعلان کے بعد بھی ان کی ایک اور فلم ’دی اسکائی از پنک‘ رواں سال اکتوبر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جس میں پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر نے ان کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔