فلم ’جوان‘ کا کونسا مشہور ڈائیلاگ اسکرپٹ میں نہیں تھا؟

فلم ’جوان‘ کا کونسا مشہور ڈائیلاگ اسکرپٹ میں نہیں تھا؟


بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ فلم کا مشہور ترین ڈائیلاگ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے، باپ سے بات کر‘ اسکرپٹ میں نہیں تھا۔

شاہ رخ خان آج کل ایٹلی ہدایتکار کی ڈائیریکشن میں بننے والی فلم ’جوان‘  کی کامیابیوں کے سبب سرخیوں میں ہیں۔

فلم کے سب سے زیادہ زیرِ بحث مناظر میں سے ایک منظر وہ ہے جس میں شاہ رُخ خان ولن سے کہتا ہے کہ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے، باپ سے بات کر۔‘

شاہ رُخ خان کا یہ ڈائیلاگ شائقین کے دلوں میں گھر کر گیا ہے اور یہ اس ڈائیلاگ کی مقبولیت ہے کہ جس کی وجہ سے فلم کے مصنف سمت اروڑا نے اب اس ڈائیلاگ سے متعلق ایک انکشاف کیا ہے۔

فلم کے مصنف سمت اروڑا نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان کی فلم کا مشہور ڈائیلاگ اسکرپٹ میں نہیں تھا بلکہ شوٹنگ کے دن یہ ڈائیلاگ سین میں شامل کیا گیا تھا۔

سمت اروڑا کے مطابق فلم کے اختتام کی جانب جاتا یہ سنسنی خیز سین اصل میں بغیر کسی مکالمے کے شوٹ ہونے والا تھا لیکن جب ہدایتکار نے محسوس کیا کہ اس اہم ترین سین کو ایک مکالمے کی ضرورت ہے تو میرا مشورہ تھا کہ منظر میں ڈائیلاگ ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے، باپ سے بات کر‘ شامل کر دیا جائے۔

اروڑا کے مطابق اُن کے اس مشورے سے اداکار شاہ رخ خان اور ہدایتکار ایٹلی نے مبینہ طور پر اتفاق کیا اور اس اہم ترین سین کو دلچسپ ڈائیلاگ کے ساتھ شوٹ کیا گیا۔

واضح رہے کہ فلم کے ٹریلر کے سامنے آنے کے بعد سے فلم شائقین اس ڈائیلاگ کو اکتوبر 2021ء میں کنگ خان  کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری سے جوڑ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ آریان خان کو ایک ڈرگ کیس میں 25 دن جیل میں قید رکھنے کے بعد الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔

مصنف اروڑا  کا فلم کے مشہور ڈائیلاگ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ایس آر کے صاحب نے جس طرح سے اس ڈائیلاگ کی ڈیلیور دی، اس سے ہم سب بہت خوش ہو گئے تھے لیکن ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ لائن اتنی ہٹ ہو جائے گی اور لوگوں کو اس قدر پسند آئے گی۔

ایکشن تھرلر فلم ’جوان‘ کے ہدایتکار ایٹلی ناصرف اس فلم کے ڈاریکٹر ہیں بلکہ انہوں نے اپنی اس پہلی ہندی فلم کو مشترکہ طور پر لکھا بھی ہے۔

اس فلم کو شاہ رخ خان کی اہلیہ، گوری خان اور گورو ورما نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے تحت پروڈیوس کیا ہے۔

اس فلم میں شاہ رخ خان باپ اور بیٹے کے دہرے کردار میں دیکھے گئے ہیں جو معاشرے میں سے بدعنوانی کو دور کرنے کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔

7 سمتبر کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ میں نینتھارا، وجے سیتھوپتی، سانیا ملہوترا، دیپیکا پڈوکون اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں