اسلام آباد: وزیر قانون فروغ نسیم نے سابق اٹارنی جنرل انور منصور سے متعلق دیے گئے بیان پر معافی مانگ لی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ انور منصور خان سے متعلق اپنے الفاظ پر معافی مانگتا ہوں، انور منصور بڑے بھائی ہیں، ان سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ اٹارنی جنرل خالد جاوید کی تعیناتی پر اعتراض کیا اور نہ استعفیٰ دے رہا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے فل بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان کو سپریم کورٹ کے ججز پر لگائے گئے الزام کا تحریری ثبوت دینے یا معافی مانگنے کا حکم دیا تھا۔
جس کے بعد حکومت کے مطالبے پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ خالد جاوید خان کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ انور منصور خان نے سپریم کورٹ میں جو بیان دیا وہ کسی کے علم میں نہیں تھا اور اس میں حکومت کی منشا شامل نہیں تھی۔
فروغ نسیم نے کہا کہ وزیر اعظم، صدر مملکت، شہزاد اکبر اور میری طرف سے سپریم کورٹ میں بیان جمع کرایا گیا جس میں ہم نے انور منصور خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے لا تعلقی کا اظہار کیا۔