بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں بیوی کی فرمائشوں سے تنگ آکر سفاک شوہر نے دوست کو پیسے دے کر مقتولہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ہیمنت شرما کے نام سے ہوئی جس نے اپنے دوستوں کی مدد سے بیوی کا قتل کیا۔ ملزم نے اس کام کیلیے دوست کو ڈھائی لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
13 اگست کو پیش آنے والا واقعہ ابتدائی طور پر سڑک حادثہ معلوم ہوا تاہم جب پولیس نے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی تو حقیقت سامنے آئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کو سڑک حادثہ بنا کر پیش کیا، واقعے کے روز ہیمنت شرما بیوی درگاوتی اور اس کے بھائی سندیش کو ایک مندر لے گیا۔
واپسی پر ہیمنت شرما کا دوست گاڑی چلا رہا تھا جو اس نے جان بوجھ کر موٹر سائیکل سوار سے ٹکرا دی جس میں درگاوتی اور سندیش زخمی ہوگئے۔
درگاوتی گہری چوٹ لگنے کے بعد کچھ ہی دیر میں موت کے منہ میں چلی گئی جبکہ اس کا بھائی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس نے تحقیقات کے دوران ملزم کے بیان میں تضاد پایا اور جائے وقوعہ کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز سے حقیقت تک پہنچ گئی۔
ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملزم نے اپنی دوستوں کو پیسے دے کر بیوی کے قتل کا منصوبہ تیار کیا، ملزم کے علاوہ اس کے تین دوست بھی قتل میں ملوث ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم ہیمنت شرما اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔