فرانس میں بہت زیادہ میوٹیشنز والی کورونا کی ایک اور قسم دریافت

فرانس میں بہت زیادہ میوٹیشنز والی کورونا کی ایک اور قسم دریافت


اس وقت جب اومیکرون دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، فرانس میں کورونا وائرس کی ایک ایسی نئی قسم کو دریافت کیا گیا ہے جس میں 46 میوٹیشنز موجود ہیں۔

کورونا کی یہ نئی قسم جنوب مشرقی فرانس میں پھیل رہی ہے اور اب تک اس کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

فی الحال کورونا کی اس نئی قسم کے بارے میں تفصیلات محدود ہیں مگر خیال کیا جارہا ہے کہ یہ افریقی ملک کیمرون میں فرانس پہنچی اور اس کے اسپائیک پروٹین میں متعدد میوٹیشنز موجود ہیں۔

اسے ابھی بی 1.640.2 کا نام دیا گیا ہے اور نک نیم آئی ایچ یو ہے۔

آئی ایچ یو کو سب سے پہلے نومبر 2021 کے وسط میں پیرس میں دریافت کیا گیا تھا یعنی یہ اومیکرون سے پہلے کی قسم ہے۔

مگر اب تک اس نئی قسم کے صرف 20 سیکونسز بن سکے ہیں جبکہ اومیکرون دنیا بھر میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اومیکرون اس نئی قسم کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔

اب جاکر اس نئی قسم کے بارے میں ایک تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے جس کے مطابق اس میں 46 میوٹیشنز کو دریافت کیا گیا۔

یہ تحقیق ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئی اور اس کے نتائج پری پرنٹ سرور MedRxiv میں جاری ہوئے۔

تحقیق میں کورونا کی اس قسم کے بارے میں کوئی تفصیلات، اس سے ہونے والی بیماری کی شدت یا متعدی ہونے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

محققین کے مطابق جس پہلے فرد میں آئی ایچ یو قسم کو دریافت کیا گیا وہ کیمرون سے 3 دن قبل واپس آیا تھا، جس کی ویکسینیشن ہوچکی تھی بلکہ بوسٹر ڈوز بھی استعمال کرچکا تھا۔

اب تک اس کے 12 کیسز سامنے آچکے ہیں مگر ماہرینکا کہنا ہے کہ اس نئی قسم کے حوالے سے فی الحال فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں