وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کو اسلام مخالف بیان دینے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ایمانویل میکرون نے اسلام مخالف بیان دیکر یورپ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بڑے لیڈر کی پہچان ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے جیسے نیلسن منڈیلا نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت تھا کہ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے انتہاپسندی سے روکتے، کیونکہ تقسیم ہی بنیاد پرستی کا سبب بنتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والے دہشت گرد، چاہے وہ مسلمان ہو، سفید فام یا نازی، پر حملہ کرنے کے بجائے اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فرانسیسی صدر نے اسلام کو سمجھے بغیر نشانہ بنا کر نہ صرف یورپ بلکہ دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے اور جہالت پر مبنی بیانات، نفرت، اسلاموفوبیا، انتہاپسندی کو فروغ دیں گے۔
فرانس کے ناسمجھ شدت پسندوں کو دنیا کا امن عزیز نہیں: فواد چوہدری
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد مصطفیٰﷺ کا احترام انسانیت کا احترام ہے۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فرانس کے ناسمجھ شدت پسندوں کو دنیا کا امن عزیز نہیں اور وہ ناقابل قبول حرکتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرمت رسولﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کو اچھی طرح سمجھ لو اور یہ بھی سمجھ لو کہ دنیا کا امن ایک دوسرے کے عقائد کو مان کر اور سمجھ کر چلنے سے وابستہ ہے۔