فائزر نے کورونا ویکسین کی منظوری کیلیے ایف ڈی اے کو درخواست دیدی


فائزر اور بیون ٹیک نے کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری کے لیے امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو ہنگامی بنیادوں پر منظوری کے لیے درخواست دے دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دواساز کمپنی فائزر نے جرمنی کی کمپنی بیون ٹیک کے اشتراک سے کورونا ویکسین تیار کر لی ہے اور اب ویکسین کی منظوری کے لیے دوا اور غذا کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ مستند سمجھے جانے والے ادارے ایف ڈی اے سے رجوع کرلیا ہے۔

امریکا میں دواؤں کی فروخت کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے منظوری لازمی ہے اور دنیا بھر میں بھی ایسی دواؤں کو مستند جانا جاتا ہے جنہیں ایف ڈی اے نے منظور کیا ہو۔ اگر فائزر کی ویکسین کو منظوری مل جاتی ہے تو ایف ڈی اے اپروول حاصل کرنے والی یہ پہلی کورونا ویکسین بن جائے گی۔

ادھر ایف ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کمیٹی 10 دسمبر کو اس ویکسین کی ممکنہ طور پر ہنگامی منظوری پر غور کرے گی جس کے لیے اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ منظوری کے لیے کتنا عرصہ درکار ہوگا۔

قبل ازیں یورپی یونین کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیر لائن نے بھی آئندہ ماہ کے اختتام تک فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دینے کا عندیہ ہے جب کہ وہ فائزر سے 300 ملین خوراکیں 4.65 ارب یورو کے عوض خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں