اداکارہ حرا مانی اور عفان وحید کی جوڑی کو رواں برس جاری کیے گئے ڈرامے ’دو بول‘ میں سراہا گیا تھا اور اب جلد ہی دونوں ایک اور ڈرامے میں جلوے دکھاتے دکھائی دیں گے۔
حرا مانی اور عفان وحید کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ جلد ہی اپنے پسندیدہ اداکاروں کو آنے والے رومانوی ڈرامے ’غلطی‘ میں رومانس کرتے دیکھ سکیں گے۔
’غلطی‘ کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے عفان وحید نے بتایا کہ وہ اس ڈرامے میں پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے لڑکے سعد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جنہیں ’زارا‘ نامی لڑکی سے محبت ہوجاتی ہے۔
زارا کا کردار حرا مانی ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
عفان وحید کے مطابق عام طور پر ڈراموں میں ہیرو کے بجائے ولن کے مختلف روپ دکھائے جاتے ہیں، تاہم ’غلطی‘ میں ولن کے بجائے ہیرو کو مختلف روپوں میں دکھایا جائے گا۔
ان کے مطابق ڈرامے میں اگرچہ وہ تعلیم یافتہ لڑکے کا کردار ادا کریں گے، تاہم شائقین ان کے مختلف روپ دیکھ سکیں گے، ان کا ایک روپ غصے والا بھی ہے اور اسی وجہ سے وہ ایک فیصلہ کر بیٹھتے ہیں۔
عفان وحید کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے ذریعے پیغام دیا گیا ہے کہ کبھی کبھی انسان غصے میں آکر غلط فیصلے بھی کر بیٹھتا ہے۔
عفان وحید نے ڈرامے کی کہانی پر مزید بات کرتے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو ایک منفرد ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا۔
’غلطی‘ کی کہانی اسما سیانی نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات صبا حمید نے دی ہیں۔
صبا حمید کی ہدایت کاری پر بات کرتے ہوئے عفان وحید کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے ہدایت کارہ کے ساتھ متعدد بار اداکاری کی ہے، تاہم پہلی بار وہ ان کی ہدایت کاری کے تحت بننے والے ڈرامے میں کام کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے صبا حمید پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ ڈرامے کو شاندار بنانے میں کامیاب جائیں گی۔
عفان وحید نے حرا مانی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ ان دونوں کی جوڑی کو جہاں شائقین میں سراہا جاتا ہے، وہیں ان دونوں کی کیمسٹری بھی بنتی ہے۔
خیال رہے کہ ’غلطی‘ کو جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کردیا جائے گا۔