گزشتہ 7 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا۔ شمالی غزہ، غزہ شہر اور دیرالبلاح میں ہونے والے حالیہ مختلف حملوں کے نتیجے میں 25 سے زائد فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایندھن کی کمی کے باعث الاقصیٰ اسپتال کے پاورجنریٹر بند ہوگئے جس کے سبب فلسطینی شعبہ اطفال، شعبہ جنرل سرجری کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کا کہنا ہے کہ دنیا غزہ میں اسرائیل کی بربریت جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔
عالمی بینک کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی مالیاتی صورتحال 3 ماہ کے دوران ابتر ہوئی ہے۔
شمالی غزہ سے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کو پہلے رفع اور اب دیر البلاح سے بھی جبراً نقل مکانی کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے، جبکہ اسرائیلی ٹینکوں اور فوج کی رفح کے جنوب مشرقی علاقوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں گھروں پر ہونے والے حملے میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس کے علاوہ غزہ شہر میں رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 10 جبکہ دیرالبلاح میں امدادی ذخائر کے گودام پر اسرائیلی بمباری میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔