اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے بیتِ لاہیا میں کمال عدوان اسپتال کو خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
اسرائیلی فوج نے مریضوں اور عملے کو دھمکانے کے لیے عمارت پر ڈرون سے انتباہی گولیاں چلائیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے الٹی میٹم کے بعد طبی عملہ اور لوگ اسپتال کے بیڈز پر سے مریضوں کو نکال کر لے جا رہے اور محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
مزید 106 فلسطینی شہید
دوسری جانب غزہ میں اسرئیلی فوج کے حملے جاری ہیں، فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 106 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں جمعہ سے پیر کی شب تک مزید 259 فلسطینی شہید اور 391 زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی شہدا کی تعداد 35 ہزار 647 ہو گئی
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی تعداد 35 ہزار 647 ہو گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 79 ہزار 852 ہو گئی۔
اسرائیل نے خان یونس، وسطی غزہ میں البریج کیمپ اور رفح کے مشرق میں فضائی حملےکیے ہیں۔
عالمی عدالت کی اسرائیلی وزیرِ اعظم کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست
ادھر عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے اسرائیلی وزیرِ اعظم اور وزیرِ دفاع کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی۔
عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
عالمی عدالت کی درخواست اشتعال انگیز ہے: جو بائیڈن
امریکی صدر جو بائیڈن نے عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کی درخواست کو اشتعال انگیز قرار دے دیا اور اسرائیل کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
امریکی قانون سازوں نے عالمی فوجداری عدالت کو قانونی چارہ جوئی کی دھمکی بھی دی ہے۔