غزہ: اسرائیلی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید


غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق یرموک اسٹریٹ پر واقع عمارت پر حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے۔

جفا اسٹریٹ پر حملے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل دیرالبلح میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی میں المغازی ریفیوجی کیمپ میں بم باری سے 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اقوامِ متحدہ دیرالبلح امدادی آپریشن روکنے پر مجبور

اقوامِ متحدہ دیرالبلح سے اسرائیلی فوج کے انخلاء کے حکم کے بعد غزہ کے لیے امدادی آپریشن روکنے پر مجبور ہے۔

اقوامِ متحدہ نے اپنا امدادی آپریشن سینٹر رفح کے بعد دیرالبلح منتقل کر دیا تھا۔

اسرائیل نے صرف گزشتہ 6 دن میں بے گھر فلسطینیوں کو 5 مرتبہ انخلاء کے احکامات جاری کیے ہیں۔

بے گھر فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے،ایمنسٹی انٹرنیشنل کا تحقیقات کا مطالبہ

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 26 مئی کو رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی جنگی جرائم کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

اس اسرائیلی حملے میں 23 فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

اسرائیل نے اب تک طبی مراکز پر 500 سے زائد حملے کیے: ڈبلیو ایچ او

غزہ میں طبی سہولتیں اسرائیلی فوج کے نشانے پر ہیں۔

اس حوالے سے عالمی ادارۂ صحت کا کہناہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کے بعد سےاب تک اسرائیل نے غزہ کے طبی مراکز کو 500 سے زائد حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیل کےغزہ کے طبی مراکز پر حملوں میں اب تک 750 فلسطینی شہید اور تقریباً 1 ہزار فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق غزہ کے 128 ہیلتھ ورکرز اب بھی اسرائیل کی قید میں ہیں۔

اسرائیلی حملوں میں 32 اسپتالوں کو نقصان پہنچا، اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کے 36 میں سے صرف 16 اسپتال جزوی طور پر فعال ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں