عیدالاضحیٰ پر کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ، خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش

عیدالاضحیٰ پر کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ، خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش


عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانور فروخت ہونے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر صوبے کے 7 اضلاع میں 144 لگانے کی سفارش کردی گئی۔

’ خیبرپختونخوا میں کانگوں وائرس پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ لائیو اسٹاک نے 7 اضلاع میں دفعہ 144 لگانے کی سفارش کی ہے۔

ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان)،کرک، لکی مروت، نوشہرہ، کوہاٹ، صوابی اور ہری پور کے کمشنرز کو خطوط ارسال کردیے گئے۔

خط کے مطابق بغیر ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے شہر میں جانوروں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، صوبے میں تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر مانیٹرنگ کی جائے۔

اس میں سفارش کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے اسپرے کو یقینی بنایاجائے۔

کانگو وائرس کی علامات میں تیز بخار، پٹھوں میں درد، چکر آنا، پیٹ درد اور متلی شامل ہے، اس وائرس کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں انسان موت کے منہ میں بھی جاسکتا ہے۔

کانگو وائرس کا جانور سے انسان میں منتقل ہونے کا طریقہ یہ ہے کہ خون چوسنے والا چھوٹا کیڑا (جسے ’ٹک‘ بھی کہا جاتا ہے) اگر کسی جانور کو کاٹ لے تو جانور کانگو وائرس کا شکار ہوجاتا ہے اور اگر اس جانور کا خون انسان کے جسم پر لگ جائے تو یہ وائرس انسان میں منتقل ہوجاتا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی جانب سے گزشتہ برس جاری ایک ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ ’صحتِ عامہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں مختلف پہلوؤں پر توجہ دینی چاہیے، مثال کے طور پر حفاظتی لباس کا استعمال (لمبی بازو یا لمبے ٹراؤزر)، ہلکے رنگ کے کپڑے تاکہ چھوٹے کیڑے کپڑوں پر باآسانی نظر آسکیں، ان کیڑوں سے بچنے کے لیے جلد پر لگائی جانے والی ادویات کا استعمال ہے‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں