پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے مقبول ڈرامے ‘عہد وفا’ کی آخری قسط آج 14 مارچ کو پاکستان بھر میں سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہونے جارہی تھی تاہم اب پروڈیوسرز نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ فیصلہ دنیا بھر میں بڑھتے کورونا وائرس کے خوف کے باعث لیا گیا، جس کی وجہ سے پاکستان بھر کے سنیما گھروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ‘عہد وفا’ کے علاوہ ‘شان پاکستان’ اور فیشن پاکستان ویک جیسے پروگرامز بھی منسوخ ہوچکے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ہم ٹی وی کے پروڈیوسرز نے اعلان کیا کہ ‘عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ‘عہد وفا’ کا گرینڈ فنالے سنیما گھروں میں ریلیز نہیں ہوگا’۔
ہم ٹی وی کے ترجمان نصر خان نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ‘عہد وفا’ کی آخری قسط ہر بار کی طرح اتوار کے روز ہم ٹی وی پر ریلیز ہوگی۔
اس ڈرامے کی آخری قسط 15 مارچ کو ہم ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ‘عہد وفا’ ڈرامے میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر، وہاج علی، علیزے شاہ اور زارا نور عباس نے مرکزی کردار نبھائے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈراما ‘عہد وفا’ کے گلزار حسین کون ہیں؟
ڈرامے کی کہانی 4 دوستوں پر مبنی ہے جو اسکول میں ہوئے ایک جھگڑے کے بعد ایک دوسرے سے دور تو ہوجاتے ہیں لیکن ہمشیہ ساتھ گزارے لمحات کو یاد کرکے بقیہ زندگی گزارتے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی کے مطابق چاروں دوست لارنس کالج میں اکٹھا پڑھتے ہیں، تاہم قواعد کی خلاف ورزی پر 3 دوستوں کو کالج سے نکال دیا جاتا ہے جبکہ ایک دوست جس کا کردار احد رضا میر ادا کررہے ہیں وہ فوج کا افسر بن جاتا ہے۔
اس کے علاوہ تین دوستوں میں سے ایک رکن اسمبلی، ایک صحافی اور ایک بیوروکریٹ بن جاتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے لکھی ہے۔