عورتوں کو زیادہ نیند کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟


نیند مرد و عورت کے لیے بلا تخصیص ضرورت ہے لیکن تحقیق کہتی ہے کہ عورتوں کے لیے 20 منٹ کی زائد نیند زیادہ ضروری ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق خواتین کے لیے نیند کے اضافی 20 منٹ ضروری ہیں اس لیے کہ خواتین کے دماغ زیادہ پیچیدہ ہوتے ہیں۔

لوف بوروگ یونی ورسٹی کے سلیپ ریسرچ سینٹر کے سابق ڈائریکٹر اور سلیپ ایکسپرٹ  پروفیسر جم ہارنے کا کہنا ہے کہ نیند کے دوران دماغ کے بہت سے کاموں کے دوران ایک بڑا کام خود کو تندرست رکھنا اور اپنی مرمت کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کورٹیکس، دماغ کا وہ حصہ جو یاداشت اور زبان کے لیے ذمے دار ہوتا ہے خود کو گہری نیند کے دوران  تمام حسوں سے علیحدہ کر کے مرمت کے کام میں جُٹ جاتا ہے۔

ہارنے کا مزید کہنا ہے کہ دن میں آپ کے دماغ کا جتنا استعمال زیادہ ہوتا ہے آپ کو نیند اتنی ہی زیادہ چاہیے ہوتی ہے۔

خواتین مردوں کے مقابلے میں بیک وقت ایک سے زائد کام کرنے کی اہل ہوتی ہیں، ان کا دماغ ایک کام کرتے ہوئے دیگر کئی کاموں کو سلجھانے میں الجھا ہوا ہوتا ہے۔ اس لیے خواتین مردوں کی نسبت اپنا دماغ زیادہ استعمال کرتی ہیں اور اسی وجہ سے انھیں زیادہ نیند کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

ایک وقت میں کئی فیصلے لینے اور کئی سمتوں میں دماغ کو الجھانے والی نوکری پر اپنے فرائض سرانجام دینے والے مرد حضرات کو بھی عام مردوں کے مقابلے میں زائد نیند کی ضرروت محسوس ہوتی ہے۔

ہارنے کا کہنا ہے کہ یہ اس وجہ سے ہے کہ خواتین کا دماغ زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے اور اس کی ساخت بھی مردوں سے مختلف ہوتی ہے۔ اس لیے اوسطاً انھیں 20 منٹ یا اس سے زائد کی نیند چاہیے ہوتی ہے۔

یہ تحقیق 210 درمیانی عمر کے مرد اور خواتین کو بطور سیمپل لے کر کی گئی۔ اسی تحقیق میں ایک اور بات کی نشاندہی بھی کی گئی کہ خواتین میں نیند کی کمی کے کئی دیگر نقصانات بھی ہیں جیسے، نفسیاتی بیماریاں، ذہنی دباؤ اور غصہ۔

مردوں کی نسبت اچھی نیند نہ ہونے کی صورت میں عورتوں پر ہونے والے یہ اثرات ذیادہ ظاہر ہوتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں