عمر شریف کی بیمار ہونے کی تردید، مزید اسٹیج ڈرامے کرنے کا اعلان


 کراچی: 

عالمی شہرت یافتہ اسٹیج اداکار عمر شریف نے طبیعت خرابی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے نئے اسٹیج شوز کرنے کا اعلان کردیا۔

عمر شریف نے فیس بک پر ویڈیو کے ذریعے طبیعت ناسازی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا ویڈیو بنانے کا مقصد مجھ سے منسوب جھوٹی خبر کو واضح کرنا ہے جس میں کسی نے سوشل میڈیا پر یہ پھیلا دیا کہ میں اسپتال میں زیرعلاج ہوں۔

عمر شریف نے کہا کہ یہ خبریں من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں میں ہمیشہ ہی اپنے مداحوں سے دعاؤں کی اور خوشیوں کی اور محبتوں کی درخواست کرتا رہا ہوں لیکن اس وقت میں اللہ کے کرم سے بالکل ٹھیک ہوں بلکہ میں اڑان بھرنے کے لیے بھی تیار ہوں۔

معروف اسٹیج فنکار نے کہا کہ جھوٹی خبریں سننے کے بعد مجھے یہ خیال آیا کہ اب فوری طور پر مجھے آپ لوگوں کے سامنے تھیٹر کرنا چاہیے اس لیے میں عید الفطر سے آرٹ کونسل کراچی میں اسٹیج ڈرامہ کروں گا اس کے بعد حیدر آباد جاؤن گا اور وہاں سے واپس آکر امریکا جاؤں گا جہاں میں 18 سے 22 شہروں میں شو کروں گا۔

عمر شریف اپنے مداحوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ جس سفر پر اب ہم جارہے ہیں اللہ پاک اس میں ہمیں کامیابی عطا فرمائے تاکہ ہمارے ملک پاکستان کا نام روشن ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت جانے والے فنکاروں کو ملک کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے، عمر شریف

واضح رہے کہ اسٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ عمر شریف نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے گزشتہ کئی سال سے اسٹیج ڈراموں سے دوری اختیار کر رکھی تھی تاہم اب وہ طویل عرصے بعد ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتیوں  کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں