کراچی:
پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کردیا گیا،مڈل آرڈر اے سی یوکی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، اسی بنا پر وہ پی ایس ایل سے بھی باہر ہوگئے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں ہوگا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی یہی موقف اختیار کیا، فرنچائز نے متبادل کے طور پر انور علی کو منتخب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں ایک مشکوک شخص کو عمر اکمل کے ساتھ دیکھا گیا تھا، پی ایس ایل کو داغدار بننے سے بچانے کیلیے بورڈ کو انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔
یاد رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان کرکٹ کا بیڈ بوائے کہا جاتا ہے، آسٹریلیا میں بھائی کامران اکمل کی جگہ بنانے کیلیے انجری کے بہانے، ورلڈکپ 2015میں کوچ وقار یونس کی رپورٹ، کوچ مکی آرتھر سے جھگڑے، پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم سے تلخی،ڈانس پارٹی میں شرکت، تھیٹر میں جھگڑے، آسٹریلیا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے دوران نائٹ کرفیو کی خلاف ورزی اور حال ہی میں فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر ٹرینر کے سامنے لباس اتار دینے تک منفی سرگرمیوں کی طویل داستان ہے۔
پی ایس ایل 5 میں عمدہ کارکردگی انھیں رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے قومی ٹیم میں جگہ دلاسکتی تھی لیکن ایک بار پھر تنازع میں گھر گئے۔