جہلم: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ اگر کچھ لے دے کر ہی معاملہ ختم کرنا تھا تو پھر ہم نے وزیراعظم ہی کیوں بنانا تھا؟ عمران خان واحد آدمی ہیں جس نے واضح کیا کہ کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔
جہلم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام نے عمران خان کی قیادت میں ایک مافیا کو شکست دی، عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں جو تبدیلی آئی ہے اس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا۔
فواد چوہدری نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ نوازشریف نے کاغذی کمپنیاں بناکر منی لانڈرنگ کی، زرداری نے بھی کاغذی کمپنیاں بنائیں، ان کی سات نسلوں میں کسی نے کام نہیں کیا، بیرون ملک جائیدادیں اور کمپنیاں بنائیں، یہاں آکر معصوم صورت بنالیتے ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارا پیسا بچانے کے لیے عوام باہر آئیں، ہر شخص کہتا ہے کہ کچھ لے دے کر معاملہ کریں، اگر کچھ لے دے کر ہی معاملہ ختم کرنا تھا تو پھر ہم نے وزیراعظم ہی کیوں بنانا تھا؟ عمران خان واحد آدمی ہیں جس نے واضح کیا کہ کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، اب ان کی چیخیں آسمان تک جارہی ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہمارا وعدہ تھا کہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، ہم نے درآمدات میں 8.88 فیصد کمی کی، 540ملین ڈالر مالی خسارہ کم کیا، پانچ سال میں ہم ایک کروڑ سے بھی زیادہ نوکریاں پیدا کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ زیادہ شور پیسے والے وہ لوگ کررہے ہیں جن پر ہاتھ پڑا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ غریبوں کےحقوق کا تحفظ کریں، ہماری کوشش ہے کہ انڈسٹری بڑھے،2019 پاکستان کی معاشی تشکیل کا سال ہوگا۔