پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر کو سوشل میڈیا صارف نے سجاد علی سے مقابلہ کرنے کا دلچسپ چیلنج دے دیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جنید قادر نامی ٹوئٹر صارف نے معروف و سینئر گلوکار سجاد علی کی ایک ویڈیو کو ری شیئر کرتے ہوئے علی ظفر کو ٹیگ کیا اور انہیں چیلنج کر دیا کہ کیا آپ ایسا کر سکتے ہیں۔
تاہم علی ظفر نے چیلنج قبول کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ استاد لوگ ہیں۔ ہم اپنے سینئرز اور خاص کر ایسے سینئرز سے صرف سیکھتے ہیں‘۔
خیال رہے کہ میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف و سینئر گلوکار سجاد علی نے گزشتہ دنوں اپنے فن کا ایسا مظاہرہ کیا کہ ہر سننے والا داد دیئے بنا نہ رہ سکا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مایاناز گلوکار نے مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 20 ویں صدی کے تان سین بڑے غلام علی کی کلاسیکل موسیقی کی دھن کو ’سیٹی‘ کے انداز میں ایسے پیش کیا کہ سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں گلوکار نے لکھا کہ ’سیٹی سنیے‘۔ سجاد علی کی سیٹی سننے والا ہر ایک صارف ان کی تعریف کئے بنا نہ رہ سکا۔