پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے پلیٹ فارم متعارف کرا دیا۔
گلوکار و اداکار علی ظفر ہمیشہ ہی نوجوان فنکاروں کو سامنے لانے کے لیے کوشاں دکھائی دیئے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنی مداح کی خواہش پوری کرتے ہوئے ان کے ساتھ گانا بھی گایا تھا۔
لیکن اب گلوکار نے نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ’لائٹ اِنگیل ریکارڈز‘ نامی پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے سے وہ ہر سال 10 نوجوان آرٹسٹ متعارف کرائیں گے۔
علی ظفر نے ’نائٹ اِنگیل ریکارڈز‘ پلیٹ فارم کے حوالے سے اپنے انسٹاگرام پر اعلان کیا جس میں انہوں نے نوجوان فنکاروں کو درست پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا۔
علی ظفر نے لکھا کہ ’اگرچہ ہمارے معاشرے میں فن کی اہمیت اور ضرورت سے اتفاق نہیں کیا جاتا لیکن ہمارا خطہ (ملک) ایسے ٹیلنٹ سے بھرپور ہے جو صرف موقع کے منتظر ہیں‘۔
گلوکار علی ظفر کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ پلیٹ فارم ان نوجوانوں کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا جو کہ ٹیلنٹ سے مالامال ہیں لیکن بد قسمتی سے انہیں اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور دوسروں کو دکھانے کا کوئی موقع نہیں ملتا۔