گلوکار واداکار علی ظفر نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حمد ونعت ریلیز کی ہے انہوں نے درود پاک کو بھی اپنی حمد کا حصہ بنایا ہے۔
علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کی ابتدا میں انہیں مکہ اورمدینہ کی زیارت نصیب ہوئی تھی، اور وہاں جا کر انہیں جو احساس ہوا اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں، لیکن انہوں نے پھر بھی اس احساس کو خدا کا ذکر کرکے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔
علی ظفر نے کہا یہ حمد ونعت میرے جذبات کا ایک حصہ ہے دعا ہے کہ یہ حمد ونعت امن اور یکجہتی کا پیغام لائے۔ علی ظفر کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں خدا کی نعمتوں کا ذکر کیا گیا ہے جب کہ علی ظفر حمد و نعت میں خدا سے مشکل وقت کو ٹالنے کی فریاد کرتے نظر آرہے ہیں۔