علی ظفر، میشا شفیع اسکینڈل کے پیچھے چھپی اصل کہانی؟


پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دو نامور شخصیات علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان جاری تنازع کو ایک سال سے زائد ہوچکا ہے اور اب تک اس معاملے میں کئی اہم موڑ سامنے آچکے ہیں۔

تاہم آخر کار ان دونوں کے درمیان اس تنازع کا آغاز ہوا کیوں؟ اس حوالے سے گلوکار و اداکارہ علی ظفر نے ایک شو کے دوران کئی اہم انکشافات کردیے۔

علی ظفر حال ہی میں احسن خان کے شو میں جلوہ گر ہوئے جہاں انہوں نے اس کیس سے متعلق بات کی۔

یاد رہے کہ میشا شفیع کی قانونی ٹیم نے جنسی ہراساں کرنے کی شکایت پنجاب کے صوبائی محتسب کے پاس ورک پلیس ایکٹ 2010 کی شق کے تحت خواتین کو ہراساں ہونے سے بچانے سے متعلق دائر کی تھی۔

اس حوالے سے تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا کہ خواتین کے کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے قانون کا اطلاق صرف ادارے کے ملازم پر ہوتا ہے۔

اس کیس کے حوالے سے بتایا کہ ‘میں وہ کیس جیت چکا ہوں، آگے جو کیس میشا نے درج کیا تھا، وہ خارج کردیا گیا، انہوں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ میرے لیے کام کرتی ہیں، جیم روم کا تذکرہ کیا تھا، جہاں موجود 12 افراد نے میرے لیے گواہی دی’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اب میں اپنا ہتک عزت کا کیس لڑ رہا ہوں، جو نقصان انہوں نے مجھے پہنچایا، اصل میں ایک بہت بڑا ملٹی نیشنل کنٹریکٹ تھا، جس کے تناظر میں یہ سب ہوا اصل میں، جو بھی مجھے نقصان ہوا اب میں انہیں سامنے لارہا ہوں، اب، میں لوگوں کو سکھانا چاہتا ہوں کہ آخر ہتک عزت کیس ہے کیا، مجھے اپنی سچائی ثابت کرنے کی اب ضرورت نہیں ہے، اگلا شخص میرے تقصانات کی بھرپائی کرے گا’۔

علی ظفر کے مطابق ‘اخلاقی بات تو یہ ہے کہ جب آپ کسی پر کوئی الزام لگائیں تو اس کو ثابت کرنے کے لیے آپ کے پاس ثبوت ہونے چاہیے، ورنہ کیا اگلا بندہ ساری زندگی خود کو بےقصور ہی ثابت کرتا رہے گا؟’۔

گلوکار نے حال ہی میں کالج پروفیسر کی خودکشی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘وہ ایک افسوس ناک واقع تھا، میں خود اس کیفیت سے گزر چکا ہوں، ایک وقت آتا ہے جب آپ یہی سوچتے ہیں کہ مجھے کیا ضرورت ہے کہ میں اپنی سچائی ثابت کروں جب میں نے کچھ کیا ہی نہیں؟ کوئی ایک ٹوئٹ سے آپ کی زندگی کی ساری محنت کو ختم کرسکتا ہے’۔

میشا شفیع نے گزشتہ سال علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
میشا شفیع نے گزشتہ سال علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

اس حوالے سے اداکار نے مزید کہا کہ ‘یہی وجہ ہے کہ میں نے اس چیلنج کو اپنے ہاتھ لیا اور ارادہ کیا کہ میں سامنے لاؤں گا کہ مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا، تاکہ آگے لوگ سوشل میڈیا پر آکر کسی پر بھی ایسا جھوٹا الزام نہ لگا سکے’۔

گلوکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس قسم کے جھوٹے الزامات لگا کر ایسی خواتین ان خواتین کا بھی نقصان کررہی ہیں جنہوں نے سامنے آکر اپنے ساتھ ہونے والے حقیقی واقعات بتائے تھے۔

یاد رہے کہ میشا شفیع نے گزشتہ سال سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف ایک ٹوئٹ میں جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا جسے علی ظفر نے مسترد کردیا تھا۔

جس کے بعد علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا جس پر کیس چل رہا ہے، دوسری جانب میشا شفیع نے بھی علی ظفر کے خلاف اسی عدالت میں 2 ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں