علامہ طاہر القادری جاپان پہنچ گئے، استقبال بدنظمی کا شکار

علامہ طاہر القادری جاپان پہنچ گئے، استقبال بدنظمی کا شکار


تحریکِ منہاج القران کے سربراہ اور معروف مذہبی اسکالر علامہ طاہر القادری 5 روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ہنیدا ایئر پورٹ پر سینکڑوں افراد ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لیے پہنچے۔

تحریکِ منہاج القران کے سربراہ کو دیکھ کر ان کے استقبال کے لیے آیا ہجوم بے قابو ہو گیا، جس کے سبب ان کا استقبال بد نظمی کا شکار ہو گیا۔

بد نظمی کے باعث دور دراز سے آئے ہوئے مرد و خواتین اور بچے ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات نہ کر سکے اور نہ ہی انہیں گلدستے پیش کر سکے۔

منہاج القران جاپان کی انتظامیہ نے جاپان بھر سے ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لیے آنے والے تمام افراد سے معذرت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے لیے ڈاکٹر طاہر القادری کی حفاظت سب سے اہم تھی، تاہم شدید بد نظمی کے باعث ڈاکٹر صاحب کو حفاظت کے ساتھ ہوٹل لے جانا ہی بہتر تھا۔

قبل ازیں ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے استقبال کے لیے آنے والے مرد خواتین اور بچوں سے ملاقات کے لیے سیکیورٹی حصار ختم کروا کر ان سے ملاقات کی اور گلدستے بھی وصول کیے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری جاپان کے 5 روزہ دورے پر ٹوکیو پہنچے ہیں اور یکم ستمبر کو وہ جاپان کے گما کین میں ایک بڑے دینی جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جس میں کئی ممالک کے مسلمان شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ہم نے 15 سو افراد کا ہال بک کرایا ہے تاہم ڈاکٹر طاہر القادری کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ ہال کی گنجائش سے زائد لوگ شرکت کریں گے جس کے لیے متبادل انتظام کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اس جلسۂ عام کے علاوہ جاپان کی معزز شخصیات کی جانب سے کی جانے والی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں