آسٹریلیا میں موسم گرما شروع ہوتے ہی جنگلات میں لگی آگ ایک بہت بڑے رقبے پر پھیل چکی ہے جس میں اب تک لاکھوں جانور جھلس کر ہلاک جب کہ کم سے کم 2 درجن افراد کی موت ہو چکی ہے۔
آسٹریلیا کے دور دراز کے جنگلات میں تقریبا ہر موسم گرما میں آگ لگنے کے واقعات ہوتے ہیں تاہم اس مرتبہ آگ زیادہ درجے پر لگی اور پھیلی، جس سے آسٹریلیا کے 100 سے زائد مقامات متاثر ہوئے۔
اب تک کی رپورٹس کے مطابق آگ کو بجھانے کا عمل جاری ہے اور اس کے لیے 500 سے زیادہ فائر فائیٹرز دن رات کوشاں ہیں تاہم ابھی تک کارکنان کو کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کے اثرات اب شہروں تک آنا شروع ہوگئے ہیں اور دنیا بھر کے افراد نے آگ کو بجھانے کے لیے چندہ مہم شروع کر رکھی ہے جب کہ کئی معروف شخصیات نے بھی چندہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے اور اس سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے امریکا کی بولڈ ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار نے بھی ایک انوکھی مہم شروع کی اور جلد ہی انہوں نے 7 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم جمع کرلی۔
فیشن میگزین ’انسائیڈر‘ کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ سوشل میڈیا اسٹار کائلن وارد نے سوشل میڈیا پر ایک منفرد فنڈ مہم شروع کی اور جلد ہی خطیر رقم جمع بھی کرلی۔
رپورٹ کے مطابق ماڈل نے سوشل میڈیا پر ’عریاں سماجی کارکن‘ نامی اکاؤنٹ اور پیج بنائے اور اعلان کیا کہ جو شخص بھی آسٹریلیا میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے 10 ڈالر کا چندہ دے گا وہ انہیں اپنی ’عریاں‘ تصویر بھیجیں گی۔
ماڈل نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا کے لیے چندہ جمع کرانے والے شخص کو انہیں رقم جمع کرائے جانے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا جس کی تصدیق کے بعد ہی وہ مذکورہ شخص کو اپنی ’برہنہ تصویر‘ بھیجیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل نے اس عمل کے لیے 4 افراد کی خدمات بھی حاصل کیں جنہوں نے چندہ جمع کرائے جانے والے افراد کے ثبوتوں کی تصدیق کا کام کیا۔
آگ بجھانے کے لیے انوکھی چندہ مہم چلانے والی امریکی ماڈل نے ’برہنہ سماجی کارکن‘ نامی اکاؤنٹ بھی بنایا جسے بعد ازاں انسٹاگرام انتظامیہ نے بند کردیا۔
سماجی کارکن اور ماڈل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ انہوں نے تھوڑے ہی وقت میں آسٹریلیا میں لگی آگ کو بھجانے کے لیے 7 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کروڑ روپے تک کا چندہ جمع کرلیا۔