شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین ڈرامہ سیریل اُڈاری کے بعد اب دوبارہ چھوٹی اسکرین پر انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔
اداکارہ عروہ حسین کو ٹیلی ویژن اسکرین پر آخری مرتبہ ڈرامہ سیریل اُڈاری میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایک سال تک کسی ڈرامے میں کام کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔
اب اداکارہ نے اپنے مداحواں کو خوشخبری سنائی ہے کہ وہ ایک سال بعد دوبارہ ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
عروہ حسین ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ کے مقبول ترین بھولے کا کردار نبھانے والے اداکار عمران اشرف کے ساتھ ڈرامہ سیریل میں نظر آئیں گی۔
عمران اشرف اور عروہ حسین کے آنے والے ڈرامے کا اسکرپٹ اداکار عمران اشرف نے ہی لکھا ہے جب کہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری معروف ڈرامہ سیریل ’سنو چندہ‘ کے ڈائریکٹر احسن تالش کریں گے۔
عروہ حسین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ڈرامے کا اسکرپٹ اس طرح کا نہیں ہے کہ میں چند لفظوں میں اس کا خلاصہ کردوں، یہ اسکرپٹ بے حد شاندار ہے اور آپ کو اس سے بے شمار نئی چیزیں سیکھنے کو ملیں گی۔
عروہ حسین کا اپنے کردار کے بارے میں کہنا تھا کہ میں اپنا کردار ادا کرنے سے لطف اندوز ہورہی ہوں اور اس حیرت انگیز ٹیم کا حصہ بننے پر مجھے بہت خوشی ہے ۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہر فرد کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بے حد خاص ہے کیونکہ مجھے ہر ایک سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے اور میں مزید چیزیں سیکھنے کی منتظر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرا اُڈاری کے بعد ٹیلی ویژن کے لیے پہلا پروجیکٹ ہوگا، اُڈاری کے بعد میں نے تین فلموں میں کام کیا جن میں نامعلوم افراد ٹو، رنگریزا اور میں پنجاب نہیں جاؤں گی شامل ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس سال میں اپنی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی تیاری پر توجہ دے رہی تھی ، اب میری فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور یہ ممکنہ طور پر اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔