کراچی: بالی ووڈ اداکارعرفان خان کے انتقال پر جہاں پوری بالی ووڈ انڈسٹری غمزدہ ہے وہیں پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے بھی ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ سجل علی نے عرفان خان کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کی اور لکھا وہ یہ خبر سن کر صدمے میں ہیں۔ عرفان خان بہت شاندار اداکار تھے خدا ان کی روح کو سکون دے۔
اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا انہیں اس خبر پر یقین نہیں آرہا ہے ایسا لگ رہا ہے جیسے کل ہی کی بات ہو جب دونوں فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کے سیٹ پر تھے۔ صبا قمر نے عرفان خان کے انتقال کو سینما انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی آخرت کے لیے دعا کی۔ یاد رہے کہ صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دی تھی۔
اداکارہ صبور علی نے عرفان خان کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’کسی نے ٹھیک کہا تھا اچھے لوگ جلدی چلے جاتے ہیں۔‘
اداکار عمران عباس نے عرفان خان کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے لکھا آپ کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا، آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہم درد محسوس کرسکتے ہیں اور آپ کے اچانک انتقال سے ہم بھی اتنے ہی غمزدہ ہیں، بلاشبہ ہم سب اللہ کے ہی ہیں اور ہمیں اس کی طرف ہی لوٹ کر جانا ہے۔
اداکارہ زارا نور عباس نے عرفان خان کے انتقال پر ایک شعر کے ذریعے غم کا اظہار کیا ’وہ جو تھا خواب سا، کیا کہیں جانے دے۔‘
اداکارہ میرا نے عرفان خان کے ساتھ اپنی چند تصاویر شیئر کیں اور لکھا عرفان خان کے انتقال کا سن کر صدمے میں ہوں۔ عرفان خان غیر معمولی اداکار تھے، ان کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کی روح کو سکون ملے۔ میرا نے مزید لکھا میں اس وقت اپنے ہوٹل کے کمرے میں اکیلی بیٹھی ہوں اور رورہی ہوں، زندگی بہت مختصر ہے۔
اداکار بلال قریشی نے بھی عرفان خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔