بغداد:
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے تیل کے وسائل سے مالا مال شہر کرکوک میں واقع ’’ کے-1 فوجی کیمپ‘‘ پر نامعلوم افراد کی جانب سے درجنوں سے راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں ایک امریکی ماہر تعمیرات ہلاک اور متعدد امریکی اور عراقی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
عراقی سیکیورٹی فورس کے ترجمان نے راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فوجی کیمپ پر 30 کے قریب راکٹ داغے گئے ہیں، واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اس فوجی بیس میں 5 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں جو ملک میں داعش کیخلاف کارروائی میں عراقی فوج کی معاونت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عراقی اور اتحادی افواج نے داعش کے مکمل خاتمے کی نوید تو سنا دی ہے تاہم ملک میں اب بھی انارکی برقرار ہے اور سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک خلفشار کا شکار ہے جب کہ ملک کے کچھ حصوں میں اب بھی سیکیورٹی فورسز پر حملے جاری ہیں۔