عراق: امریکی فوج کے زیر کنٹرول فوجی اڈے پر راکٹ حملے


بغداد: عراق میں امریکی فوج کے زیر کنٹرول فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی عراق میں صوبہ کرکک میں واقع عراقی فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے جن میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جس فوجی اڈے پر راکٹ حملے کیے گئے وہ امریکی فوج کے زیر کنٹرول ہے جب کہ عراق اور امریکی فورسز کی جانب سے بھی راکٹ حملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کےمطابق عراق فورسز نے بتایا کہ راکٹ حملے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب کیے گئے جس کے فوری بعد امریکی فضائیہ کے طیاروں نے علاقے میں پروازیں شروع کردیں۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ گزشتہ برس 27 دسمبر کو علاقے میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں امریکی کنٹریکٹر کی ہلاکت کے بعد پہلی مرتبہ اس اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ امریکا نے امریکی کنٹریکٹر کی ہلاکت کا الزام حزب اللہ پر لگایا تھا۔

امریکی کنٹریکٹر کی ہلاکت کے بعد امریکا نے جوابی کارروائی کی تھی جس میں حزب اللہ کے 25 جنگجو مارے گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں