عدسوں پر معلومات ظاہر کرنے والی اسمارٹ عینک


جرمنی: 

آگمینٹڈ ریئلٹی والے موبائل فون اور عینکوں کے متعلق تو آپ نے سنا ہوگا۔ جب آپ کوئی منظر دیکھتے ہیں تو اس کی اضافی معلومات اسی کے ساتھ منظر میں شامل ہوجاتی ہے۔

اب بوش کمپنی نے ایک ہلکا پھلکا اور جدید چشمہ بنایا ہے جس کے شفاف عدسوں کو معلومات ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ اگرچہ بہت سی کمپنیوں نے ایسے چشمے بنائے ہیں لیکن وہ بھاری بھرکم تھے تاہم بوش اسمارٹ عینک میں نصب سرکٹ بہت ہلکا پھلکا ہے اور اسے پہچاننا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔بوش نے اسے لائٹ ڈرائیو کا نام دیا ہے جس کا فریم بھی فیشن کے عین مطابق ہے۔ اس میں نصب پروجیکشن سسٹم دونوں عدسوں پر ٹیکسٹ اور تصاویرظاہر کرتا ہے جسے صرف آپ ہی دیکھ سکتے ہیں۔

فرض کیجئے کہ آپ ایفل ٹاور کے پاس کھڑے ہیں تو یہ اس کی تفصیلات یا حقائق عدسے پر دکھانا شروع کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ اپنے فون کے پیغامات بھی لائٹ ڈرائیو پر پڑھ سکتے ہیں جو شفاف شیشوں پر ظاہر ہوتے ہیں۔

اس سے قبل نارتھ نامی کمپنی نے بھی عینک پر ظاہر ہونے والے پیغامات کا پروجیکٹر بنایا تھا تاہم سرکٹ سمیت پروجیکٹر، بیٹری اور دیگر آلات کے ساتھ پورا چشمہ وزنی ہوگیا تھا جس کے ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی تھی تو پوری عینک بے ڈھنگی اور بھاری ہوگئی تھی۔ لیکن بوش کمپنی کے اشتہار میں آپ پروجیکٹر والی عینک کو خود دیکھ سکتے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کے پروجیکٹر سرکٹ کا وزن صرف 10 گرام ہے۔

سرکٹ کی دنیا کو دیکھیں تو اس کے اندر مائیکروالیکٹرومکینکل سسٹم (ایم ای ایم ایس) پر مبنی لائٹ اسکینر لگایا گیا ہے جو پہلے عینک کے عدسے کو اسکین کرتا ہے اور اسے آنکھ کے عدسے پر ظاہر کرتا ہے اور عینک پہننے والے کو ایک روشن منظر دکھائی دیتا ہے۔  پروجیکٹر سادہ اور نمبر والے دونوں طرح کے عدسوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آپ اپنے اسمارٹ فون اور اسمارٹ واچ کا ڈیٹا اور تفصیلات بھی اس عینک کے ذریعے براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔ اسے پہننےکے بعد آپ عینک کی کمانی کو چھو کر پروجیکٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ سینسر میں شامل جی پی ایس سسٹم پوری دنیا کو آپ کے مقام کی خبر دے سکتا ہے لیکن اس آپشن کو استعمال کرنے یا نہ کرنے کا اختیار آپ کے پاس ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں