امریکی ریاست ڈیلاور کی چانسلری عدالت نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے گزشتہ ماہ جولائی میں ایلون مسک کے خلاف دائر کردہ مقدمے کی تفصیلات عام کردیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق عدالت نے ٹوئٹر کے مقدمے کی تفصیلات عام کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ جلد ہی ایلون مسک کے جواب کی تفصیلات بھی عام کردی جائیں گی۔
ٹوئٹر نے جولائی کے وسط میں ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں اپنا خریداری کا معاہدہ مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔
ٹوئٹر کے مقدمے کی عام کردہ تفصیلات کے مطابق ایلون مسک پلیٹ فارم کو خریدنے کے مختلف اور بے بنیاد جواز پیش کر رہے ہیں، انہیں ایسا کرنے سے روکا جائے اور انہیں اپنا معاہدہ مکمل کرنے پر مجبور کیا جائے۔
ٹوئٹر کے مقدمے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایلون مسک جرمانے سے بچنے کے لیے اپنی غلطی کو چھپاتے ہوئے پلیٹ فارم پر الزامات لگا رہے ہیں۔
ٹوئٹر کے مقدمے کی تفصیلات کے ایک دن بعد تک ایلون مسک کے جواب کی تفصیلات کو بھی عام کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹوئٹر نے ایلون مسک پر اس وقت مقدمہ دائر کیا تھا جب انہوں نے پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی بھرمار کی وجہ سے اسے نہ خریدنے کا اعلان کیا تھا۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو نہ خریدنے کا اعلان کرنے کے بعد پلیٹ فارم نے ان پر مقدمہ دائر کیا جس کے جواب میں ایلون مسک نے بھی عدالت میں اپنا بیان جمع کروایا تھا۔
ٹوئٹر نے اپنے مقدمے میں عدالت کو جلد سے جلد مقدمہ شروع کرنے کی استدعا کی تھی جب کہ ایلون مسک نے مقدمے کا ٹرائل آئندہ برس شروع کرنے کی اپیل کی تھی۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل دیکھنے کے بعد گزشتہ ماہ جولائی میں ہی فیصلہ سنایا تھا کہ مذکورہ ٹرائل کا آغاز اکتوبر کے آغاز میں ہوگا اور اب عدالت نے دونوں فریقین کی درخواستوں کو عام کردیا۔
ایلون مسک نے ابتدائی طور پر رواں برس اپریل میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، تاہم وہ معاہدہ مکمل نہیں ہوا تھا اور اب ایلون مسک معاہدے سے فراریت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔