عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، عمران خان کو این آر او نہیں ملے گا، احسن اقبال

عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، عمران خان کو این آر او نہیں ملے گا، احسن اقبال


وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں، واضح کر دوں آپ کے لیڈر سابق وزیر اعظم عمران خان کو این آر او نہیں ملے گا۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے امریکی کانگرس یا ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے پاؤں نہیں دبائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب رسیدیں دکھانے کا کہتے ہیں تو یہ چیختے ہیں، عدالتوں میں جا کے اپنی بے گناہی ثابت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں، واضح کر دوں آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملے گا۔

اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما حنیف عباسی نے بھی پی ٹی آئی اور اس کے بانی عمران خان پر کڑی تنقید کی۔

راولپنڈی سے منتخب رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آج ان کو (پی ٹی آئی کے رہنماؤں) بلوچستان کی بدامنی کی بات یاد آرہی ہے، اس کی بنیاد ان کے دادا ابو نے رکھی تھی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ یہ کسی جیل ہے جس میں دیسی مرغی اور مکھن بھی ہے، ڈیمانڈ کی جاتی ہے کہ ایک ریسٹورنٹ سے ناشتہ لایا جائے، جیلوں میں باقی قیدیوں کو بھی یہ سہولیات میسر ہونی چاہییں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ شخص ہے (عمران خان) جس نے رانا ثنا اللہ کی جیل میں لی گئی تصویر مانگی۔

حنیف عباسی نے کہا کہ جیل سپرنٹینڈنٹ کو اس لیے تبدیل کیا کہ وہ یہ چیزیں سپلائی کرتا تھا، آپ کو ان کے سیل سے ممنوعہ اشیا ملیں گی ، اسپیکر نے حنیف عباسی کے الفاظ حذف کردیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں