پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایت کار اور سینماٹوگرافر عثمان مختار کی شارٹ ہارر فلم ’گلابو رانی‘ کے مرکزی کردار اُسامہ جاوید حیدر نے بہترین اداکار کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا۔
فوٹو ایند ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے عثمان مختار نے اُسامہ جاوید حیدر کے بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے اُسامہ جاوید حیدر کے لئے طویل کیپشن لکھتے ہوئے کہا کہ انہیں اُسامہ جاوید حیدر پر فخر ہے جس نے انہیں اپنے کام سے لگاؤ، اپنی اداکاری ، لگن اور جذبے سے حیران کر دیا۔
عثمان مختار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ فلم کی پوسٹ پروڈکشن کے دوران اُسامہ جاوید کینسر سے لڑ رہے تھے اور اسے اپنے کام سے اس قدر پیار ہے کہ وہ کیمو تھراپی سے گزرنے کے باوجود بھی کام کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے تھے۔
ہدایتکار و اداکار عثمان مختار نے اپنی فلم گلابو رانی کے اداکار اُسامہ جاوید کو بین الاقوامی ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں خوب سراہا اور کہا کہ چھوٹی سی عمر میں وہ ایک بین الاقوامی اعزاز یافتہ اسٹار بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ عثمان مختار کی مختصر فلم ’گلابو رانی‘ 11 اپریل 2022 کو ریلیز کی گئی تھی جس نے لاس اینجلس سائنس فکشن ہارر فلم فیسٹیول میں بہترین مختصر فلم کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔