پاکستان کی نامور اداکارہ مایا علی اور اداکار عثمان خالد بٹ کئی پروجیکٹس میں اکٹھے کام کرچکے ہیں جبکہ یہ دونوں ایک دوسرے کے کافی اچھے دوست بھی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو ہمیشہ ایسا لگا کہ ان کے درمیان رومانوی تعلق بھی ہے۔
یہ دونوں متعدد ایونٹس میں بھی ایک ساتھ نظر آئے جبکہ انہوں نے کئی کئی ملبوسات کے برینڈز کے لیے ریمپ پر ایک ساتھ واک بھی کی۔
سوشل میڈیا پر بھی یہ دونوں ایک ساتھ کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرچکے ہیں۔
تاہم کچھ عرصے سے مایا علی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عثمان خالد بٹ کے ہمراہ کوئی تصویر شیئر نہیں کی جس پر ایک مداح نے مایا علی سے عثمان خالد بٹ کے ساتھ شادی کے حوالے سے سوال کرلیا۔
مایا علی نے نئے سال کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ 2020 کے لیے تیار ہیں۔
اس پر ایک مداح نے کمنٹ میں اداکارہ سے سوال کیا کہ ‘کیا مایا علی اور عثمان خالد بٹ ابھی بھی شادی شدہ ہیں، کیوں کہ یہ دونوں اب ساتھ نظر نہیں آتے’۔
اس پر مایا علی نے انہیں جواب دیتے ہوئے کمنٹ میں لکھا کہ ‘کیا میں نے، میری فیملی ہے، عثمان نے یا عثمان کی فیملی نے ایسا کچھ کہیں کہا؟ آپ کو سوال پوچھنے کا حق ہے لیکن کسی کے بارے میں بیانات جاری مت کریں’۔
یاد رہے کہ مایا علی اور عثمان خالد بٹ ‘عون زارا’ اور ‘دیار دل’ نامی ڈراموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔