کراچی: ماہرین علم الاعداد نے نئے سال کے حوالے سے اپنی پیش گوئیوں میں کہا ہے کہ 2021ء میں عمران خان خود اپنی حکومت ختم اور اسمبلیاں توڑ دیں گے۔
2020ء میں اسٹاک مارکیٹ میں بہتری، روپیہ مستحکم، مہنگائی کنٹرول، جنگ مسلط ہوسکتی ہے، عثمان بزدار وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے، نوازشریف کی صحت خراب، مریم والد کے پاس چلی جائیں گی جب کہ مراد علی شاہ کا سخت ٹاٹم شروع ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کنعان چوہدری، سامعہ چوہدری اور ٹیرو کارڈ ریڈر عالیہ نذیر نے جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پروگرام کی ابتدا میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ2019ء بہت ایونٹ فل سال تھا، بہت کچھ ہوا اور اس حوالے سے بہت سے لوگوں نے بہت سی باتیں کی تھیں، سیاسی تبدیلیاں بھی بہت سی ہوئیں ملک میں سیاسی طلاطم بھی ہم نے دیکھا کچھ بہت حساس معاملے تھے وہ بھی ہائی لائٹ ہوئی، 2020 ء میں معاشی اور سیاسی حوالے سے پاکستان کی شکل کیا ہوسکتی ہے، حکومت یہ کہتی رہی ہے کے2020ء اس حکومت کا آخری سال ہے اور الیکشن ہوجائیگا کیا یہ واقعی ممکن ہے ۔
ماہر علم الاعداد کنعان چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل اپوزیشن نے کہا تھا کہ عمران خان کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے اور جب بن گئے تو انہوں نے کہا کہ پانچ سال پورے نہیں کرسکتے، میری تب بھی یہی پیش گوئی تھی کے وہ وزیراعظم بنیں گے اور اب یہ ہے کے وہ پانچ سال بڑی آسانی سے پورے کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ اب سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری آئیگی روپیہ مستحکم ہوگا، مہنگائی بھی کنٹرول ہوگی، 2020ء میں انتخابات ہوتے ہوئے نظر ہیں آرہے، آنے والے سال میں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بہت مشکلات دیکھ رہا ہوں اور قانونی حوالے سے بھی ان کیلئے کافی مشکلات نظر آرہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے سال میں آصف زرداری کی صحت کی خرابی زیادہ نظر آرہی ہے، اس کے علاوہ قانونی معاملات بھی ان کو کافی تنگ کریں گے، مجھے نہیں لگ رہا کے جولائی 2020ء تک آصف زرداری سیاسی طور پر فعال نظر آئیں گے، تب تک فریال تالپور اور آصفہ پارٹی میں سیاسی طور پر موثر کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2020ء میں احتساب کے عمل میں مجھے بہت تیزی نظر آرہی ہے اور عمران خان2020ء میں ڈیلیور کرتے نظر آئیں گے، 2020ء میں مجھے چوہدری شجاعت پنجاب کی سیاست میں سرگرم نظر آرہے ہیں۔
کنعان چوہدری نے مزید کہا کہ آنیو الے وقت میں چند ایک کو چھوڑ کر اپوزیشن پر سخت وقت نظر آرہا ہے، پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ کا سخت ٹائم شروع ہوچکا ہے ان کو بھی مسائل کا سامنے کرنا پڑسکتا ہے، رانا ثناء اللہ جنوری کے بعد سے مسائل میں گھیرتے نظر آرہے ہیں اور سب سے اہم بات عمران خان ڈیلور کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، میرے حساب سے عمران خان اپنے پانچ سال پورے کریں گے، ڈیلوری اسٹارٹ ہوگی، جب تک وہ خود اسمبلی ختم نہیں کرتے حکومت ختم نہیں ہوسکتی۔
ٹیرو کارڈ ریڈر عالیہ نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2020ء میں اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو بہت ٹینشن ہوگی لیکن ان کی حکومت قائم رہے گی، حکومت مستحکم رہے گی، ستمبر2021 ء میں عمران خان خود اپنی حکومت ختم کردیں گے، اسمبلیاں خود توڑیں گے اور نئے انتخابات ہوں گے، 2023 سے پہلے الیکشن عمران خان خود کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2020 ء میں بہت ساری میگا تبدیلیاں نظر آئیں گی میاں نواز شریف کی صحت بہتر نہیں رہے گی اور واپس آتے دکھائی نہیں دیتے اور مریم نواز بھی ان کے پاس چلی جائیں گی اور شہباز شریف شاید واپس آجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2020 ء لیپ ایئر ہے، مجھے امید ہے کے عمران خان اس سال بہت بڑی کامیابی حاصل کرلیں گے، عثمان بزدارمارچ 2020ء کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ نظر نہیں آرہے ہیں۔
آسٹرولوجر سامعہ چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو دسمبر تک عمران خان کا وقت کافی برا تھا، 24جنوری کے بعد سے نواز شریف بہتر ہوتے نظر آرہے ہیں، مریم کے ستارے بہت زیادہ مستحکم ہوتے نظر آرہے ہیں، اب وہ اپنے آپ کو منوانے کے قابل ہوجائیں گی، ہمارے ملک میں دو تین لوگ ہیں جن کا ستارہ بہت مستحکم ہے جن میں شہباز شریف ، عمران خان اور شیخ رشید شامل ہیں، ان تینوں افراد کو آپ سیاسی منظر نامے سے آپ کبھی آؤٹ نہیں دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے 2020ء کے 6 ماہ عوام کیلئے کسی قسم کا کوئی ریلیف نظر نہیں آرہا، اللہ نہ کرے 2020ء میں ہم پر جنگ بھی مسلط کی جاسکتی ہے، اس سال سے اگر یہ جھڑپیں شروع ہوجاتی ہیں تو پھر غزوہ ہند کی تیاری شروع ہوجاتی ہیں، یکم مئی 2020ء تک بہت ساری چیزیں غیر متوقع اور کایہ پلٹ نظر آرہی ہیں۔
سامعہ خان کا کہنا تھا کہ 2020 بہت زیادہ تبدیلیوں کو سال ہے، احتساب کا گیم پانچ چھ مہینے سے زیادہ کا نہیں رہ گیا، اس سال میں پاکستان کو پٹری پر آتے دیکھ رہی ہوں۔