لاہور: نیب نے ہائیکورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت میں توسیع مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے باہر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، حمزہ شہباز عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت پہنچے تو کارکنان نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور نعرے بازی کی۔
لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت میں توسیع کی درخواستوں پر سماعت کی تو نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ نے مؤقف اپنایا کہ حمزہ شہباز کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، حمزہ اور ان کی فیملی نے منی لانڈرنگ کی۔
عدالت نے نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کردی۔
دورانِ سماعت نیب کی ایک ٹیم عدالت میں موجود رہی جس نے حمزہ شہباز کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے پوزیشن لی اور تھوڑی ہی دیر بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
نیب ٹیم نے حمزہ شہباز کو لاہور کے دفتر پہنچا دیا جہاں ابتدائی کارروائی کے بعد ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔
نیب ذرائع کا کہناہےکہ حمزہ شہباز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
حمزہ شہباز کی گرفتاری کے خلاف لاہور میں احتجاج
حمزہ شہباز کی گرفتاری پر لاہور ہائیکورٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
حمزہ شہباز کی گرفتاری پر کمرہ عدالت میں لیگی کارکنوں کی دھکم پیل ہوئی جس سے کمرہ عدالت میں شیشے ٹوٹ گئے اور دروازے کو بھی نقصان پہنچا۔
حمزہ شہباز کی گرفتاری کے خلاف جی پی او چوک مال روڈ پر ن لیگ کے کارکنوں نے احتجاج کی، (ن) کے کارکنوں کا جی پی او چوک ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
(ن) لیگ کا پروڈکشن آرڈر کیلئے خط
علاوہ ازین مسلم لیگ (ن) نے حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے اسپیکراسمبلی کو خط لکھ دیا جس پر 4 ارکان اسمبلی رانا اقبال، محمد کاظم پیرزادہ، ملک احمد سعید خان اور ملک احمد خان کے دستخط ہیں۔
درخواست میں پنجاب اسمبلی کے 13 جون کے اجلاس کے لیے حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
حمزہ شہباز کی جیونیوز سے گفتگو
ضمانت مسترد ہونے سے قبل جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ میں نے پاکستانی قوم کومخاطب کرکے کہا تھا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، میں نے نیب کو چیلنج کیا تھا کرپشن کی ایک پائی کا ثبوت لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان ایک دن پہلے زرداری صاحب کی گرفتاری کا بتا دیتی ہیں، میرے بارے میں چیئرمین نیب فرما چکے ہیں کہ حمزہ کوگرفتار کرنا ہے،آج قوم دیکھے گی چیئرمین نیب کی خواہش کی تکمیل ہوتی ہے یا انصاف کی جیت، میرے لیے یہ جیلیں نئی نہیں ہیں