بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امریتا راؤ نے انکشاف کیا کہ ان کی آر جے انمول کے ساتھ شادی میں عامر خان کا بہت اہم کردار تھا۔
آر جے انمول کو’دی کپل شرما شو‘میں اپنے ایک مقبول ریڈیو شو کے لیے انوراگ پانڈے، جیتو راج اور ملیشکا کے ہمراہ بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔
اُنہوں نے اس شو میں خود اپنی محبت کی داستان سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ عامرخان نے میری اہلیہ امریتا راؤ کے والد کو شادی کے لیے راضی کرنے کے لیے میری بہت مدد کی کیونکہ یہ بالکل بھی آسان کام نہیں تھا۔
انمول نے بتایا کہ انہوں نے تھیٹرز میں پرانی فلموں کی نمائش شروع کی تو عامر خان نے تھیٹر میں دکھائی جانے والی پہلی فلم دیکھنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ فلم اسکریننگ کے بعد عامر خان نے گھر جاتے ہوئے میری تعریف کی تو میں نے ان سے کہہ دیا کہ آپ امریتا راؤ کے والد کے سامنے بھی میری اسی طرح تعریف کردیں جوکہ اسکریننگ میں موجود ہوں گے اور پہلی بار مجھ سے ملاقات کریں گے۔
آر جے انمول نے بتایا کہ عامر خان نے میری یہ بات مان لی، فلم کی اسکریننگ پر امریتاراؤ کے والد سے میری تعریف کرتے رہے اور یہ اقدام میرے لیے مثبت رہا۔
واضح رہے کہ امریتا راؤ اور آر جے انمول 2014ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور اس جوڑی کے ہاں 2020ء میں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی۔