عامر خان اور جوہی چاولہ کا ’ری یونین‘ انٹرنیٹ پر وائرل

عامر خان اور جوہی چاولہ کا ’ری یونین‘ انٹرنیٹ پر وائرل


بالی ووڈ فلموں کی آن اسکرین سابقہ جوڑی، معروف اداکار عامر خان اور ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ کی ملاقات نے شائقین کی برسوں پرانی یادوں کو تازہ کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر عامر خان اور جوہی چاولہ کی ’ری یونین‘ کی تصویر وائرل ہے  جو کہ اس جوڑی کے مداحوں کو خوب بھا گئی ہے۔

جوہی اور عامر کی یہ تصویر اداکار کی والدہ زینت حسین کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی خصوصی تقریب کی ہے۔

جی ہاں! گزشتہ روز عامر خان نے اپنی والدہ زینت حسین کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں جوہی چاولہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر بنائی گئی عامر خان اور جوہی کی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کر لی جسے جوہی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوریز پر بھی شیئر کیا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

تصویر میں جوہی چاولہ، عامر خان اور اِن کی بہن فرحت دتہ کو تصویر کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 اداکارہ جوہی چاولہ نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’والدہ کی خصوصی سالگرہ پر تمام خاندان سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔‘

یاد رہے کہ عامر خان اور جوہی چاولہ ’قیامت سے قیامت تک‘، ’عشق‘، ’ہم ہیں راہی پیار کے‘، ’تم میرے ہو‘، ’لَو لَو لَو‘، ’دولت کی جنگ‘ اور ’انداز اپنا اپنا‘ جیسی فلموں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

اداکارہ جوہی چاولہ اب انڈسٹری کا حصہ نہیں رہی ہیں۔

انہوں نے 1995ء میں صنعتکار جے مہتا سے شادی کی تھی، جوہی چاولہ شاہ رخ خان کے ساتھ آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی شریک مالک بھی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں